
بورن ماوتھ کے خلاف مقابلے سے پہلے مانچسٹر یونائیٹڈ کو مبیومو، مزراوی اور دیالو کی دستیابی کا انتظار
مانچسٹر، 13 دسمبر (ہ س)۔ مانچسٹر یونائیٹڈ کے منیجر روبین اموریم نے جمعہ کو کہا کہ ان کی ٹیم کئی ممکنہ حالات کے لیے تیاری کر رہی ہے، کیونکہ کلب کو ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ برائن مبیومو، نصیر مزراوی اور عماد دیالو پیر کو بورن ماوتھ کے خلاف ہونے والے پریمیئر لیگ گھریلو مقابلے کے لیے دستیاب رہیں گے یا نہیں۔ یہ تینوں کھلاڑی افریقہ کپ آف نیشنز میں حصہ لینے کے لیے اپنی اپنی قومی ٹیموں سے جڑنے والے ہیں۔ یہ ٹورنامنٹ 21 دسمبر سے 18 جنوری تک چلے گا۔ مبیومو کیمرون، مزراوی مراکش اور دیالو آئیوری کوسٹ کی جانب سے کھیلتے ہیں۔
افریقہ کپ آف نیشنز کے لیے کھلاڑیوں کی لازمی ریلیز تاریخ پیر ہے، جس کے باعث یونائیٹڈ اس بات کو لے کر تذبذب میں ہے کہ کیا یہ کھلاڑی میچ کھیلنے کے بعد قومی ٹیم کے لیے روانہ ہوں گے یا اس سے پہلے ہی کلب چھوڑ دیں گے۔ میچ سے پہلے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اموریم نے کہا، ”ہم ابھی بھی قومی ٹیموں کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔ میچ پیر کو ہے، کھلاڑی یہاں ہیں، ٹریننگ کر رہے ہیں اور ہم ہر صورتحال کے لیے تیاری کر رہے ہیں۔ یہ تھوڑا مایوس کن ہے، لیکن ساتھ ہی کوئی نہیں جانتا کہ کون کھیلے گا، جو اپنے آپ میں ایک اچھی بات ہے۔ ہمارے پاس ہر صورتحال سے نمٹنے کے لیے کھلاڑی موجود ہیں۔“
انہوں نے مزید کہا، ”ہر قومی ٹیم کی اپنی حکمت عملی ہوتی ہے کہ وہ کھلاڑیوں کو کب بلانا چاہتے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ آج یا کل تک فیصلہ ہو جائے گا، لیکن ہم آخری پل تک انتظار کریں گے تاکہ سب سے بہتر ٹیم کا انتخاب کر سکیں۔“اسی درمیان چوٹوں نے بھی یونائیٹڈ کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ ڈیفینڈر ہیری میگوائر اور میتھس ڈی لگٹ ابھی بھی چوٹ کے باعث باہر ہیں، جبکہ اسٹرائیکر بنجامن شیشکو کی دستیابی پر بھی سوال بنا ہوا ہے۔
22 سالہ سلووینیا کے اسٹرائیکر شیشکو، جنہیں کلب نے اس سیزن 76.5 ملین یورو میں سائن کیا تھا، نومبر میں ٹوٹنہم کے خلاف 2-2 سے ڈرا ہوئے مقابلے میں گھٹنے میں چوٹ لگنے کے بعد سے گزشتہ 4 میچ نہیں کھیل پائے ہیں۔ اموریم نے بتایا، ”ہمیں دیکھنا ہوگا کہ شیشکو دستیاب ہوتے ہیں یا نہیں۔ انہیں فوڈ پوائزننگ بھی ہوئی ہے، لیکن ابھی دو ٹریننگ سیشن باقی ہیں۔“ فی الحال مانچسٹر یونائیٹڈ 15 میچوں میں 25 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں چھٹے مقام پر ہے، جبکہ اینڈونی ایراولا کی بورن ماوتھ ٹیم 20 پوائنٹس کے ساتھ 13 ویں مقام پر موجود ہے۔
اموریم نے بورن ماوتھ کو مضبوط چیلنج بتایا اور کہا، ”یہ ایک ٹاپ ٹیم ہے، ایک بہترین منیجر اور خاص کھلاڑیوں کے ساتھ۔ میں صرف نتائج کو نہیں دیکھتا، بلکہ یہ دیکھتا ہوں کہ وہ ہر حریف کے خلاف کیسے کھیلتے ہیں۔ وہ بہت جارحانہ پریسنگ کرتے ہیں اور سیدھے کھیلتے ہیں۔ یہ مقابلہ بے حد مشکل ہوگا، لیکن ہمیں خاص کر گھریلو میدان پر جیت درج کرنی ہی ہوگی۔“
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن