
نالندہ،11دسمبر(ہ س)۔ بہار کے نالندہ میں ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔ پاواپوری سے پیسے جمع کرکے گھر لوٹنے والے دو دوستوں سمیت تین افراد کی سڑک حادثہ میں المناک موت ہوگئی۔ واقعہ دیپ نگر اور نورسرائے تھانہ علاقوں میں پیش آیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی اہل خانہ میں کہرام مچ گیا۔پہلا واقعہ این ایچ ۔20پر دیپ نگر تھانہ علاقے کے چکرسال پور گاؤں کے قریب پیش آیا۔ موٹر سائیکل پر سوار دو نوجوان تیز رفتار ٹرک سے ٹکرا گئے جس سے ان کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ کہا جاتا ہے کہ وہ گہرے دوست تھے۔مرنے والوں کی شناخت 21 سالہ شانو کمار ولد سنجے کمار ساکن بہار تھانہ علاقہ کے کھنڈکپار محلہ اور 23 سالہ پریانشو راج ولد ادے شنکر پرساد ساکن لہری تھانہ علاقہ کے طور پر کی گئی ہے۔ واقعے کے حوالے سے متوفی کے چچازادبھائی نے بتایا کہ دونوں دوست موٹر سائیکل پر کاروبار کے سلسلے میں گھر واپس جارہے تھے کہ تیز رفتار ٹرک نے انہیں ٹکر مار دی جس سے موقع پر ہی موت ہوگئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاش کو تحویل میں لے کر اس کی شناخت کر لی اور فی الحال پوسٹ مارٹم کرایا جا رہا ہے۔دوسرا واقعہ نورسرائے تھانہ علاقے میں یمونا پور گاؤں کے قریب پیش آیا۔جہاں نا معلوم گاڑی کی زد میں آنے سے مزدور کی دردناک موت ہوگئی ہے۔متوفی کی شناخت سرسیا بگھا گاؤں رہائشی آنجہانی نند یادو کے 50 سالہ بیٹا دلیپ یادو ناٹو کے طور پر کیا گیا ہے۔
متوفی معمول کے مطابق کام پر سائیکل پر بہار شریف جا رہا تھا کہ حادثہ پیش آیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تھانہ انچارج اور پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ لاش کو تحویل میں لے کر صدر اسپتال بہار شریف میں پوسٹ مارٹم کے بعد لواحقین کے حوالے کر دیا گیا۔ پولیس فی الحال مزید تحقیقات میں مصروف ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan