
جبل پور، 11 دسمبر (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے سیہورا اور کھیتولا علاقے میں جمعرات کو بند کے درمیان اس وقت سنسنی پھیل گئی جب تھانہ کھیتولا علاقے میں ایک نوجوان کا دن دہاڑے گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ بند کے باعث ہر چوراہے پر سیکورٹی انتظامات ہونے کے باوجود مجرم واردات کو انجام دے کر موقع سے آسانی سے فرار ہو گئے۔ واقعے کے بعد پولیس انتظامیہ پر سوال کھڑے ہونے لگے ہیں۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا۔ علاقے میں بند اور بھاری پولیس موجودگی کے باوجود مجرموں کا کوئی سراغ نہ لگنا مقامی لوگوں میں تشویش اور غصہ پیدا کر رہا ہے۔
معلومات کے مطابق واقعہ وارڈ نمبر 17 کھیتولا کا ہے، جہاں رہائشی دھرمیندر سنگھ ٹھاکر عرف چنٹو (42) ولد رنجیت سنگھ ٹھاکر کو دوپہر تقریباً 1.15 بجے نامعلوم بدمعاشوں نے گولی مار دی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق گولی سر پر لگی، جس سے چنٹو کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔
پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف معاملہ درج کر لیا ہے اور ان کی تلاش میں الگ الگ ٹیمیں لگائی گئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے آس پاس کے سی سی ٹی وی فوٹیج کھنگالے جا رہے ہیں اور تکنیکی مدد سے ملزمان کی شناخت کی کوشش جاری ہے۔ اس واردات کے بعد کھیتولا اور سیہورا علاقے میں کشیدگی کی صورتحال برقرار ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن