
سریندر نگر، 11 دسمبر (ہ س)۔ گجرات کے سریندر نگر ضلع میں پاٹڈی تعلقہ کے نویانی گاوں کے پاس دیر شام خوفناک حادثے میں بائک سوار 3 نوجوانوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔
موصولہ معلومات کے مطابق، نویانی گاوں کے پاس تیز رفتار نامعلوم گاڑی نے سامنے سے بائک کو زوردار ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی زبردست تھی کہ بائک سوار تینوں نوجوانوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ حادثے کے بعد ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہو گیا۔ شہریوں نے فوراً پولیس اور ایمبولینس کو حادثے کی اطلاع دی۔
معلومات کے مطابق مہلوکین میں دو سگے بھائیوں سمیت تینوں نوجوان آج صبح ایرواڑا گاوں سے بیچراجی میں اپنی نئی نوکری پر جانے کے لیے نکلے تھے۔ دونوں بھائیوں کی آج نئی نوکری کا پہلا دن تھا۔ لیکن نویانی کے پاس نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے تینوں کی موت ہو گئی۔ پولیس نے تینوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔
دساڈا کے پی آئی وی جے مالویہ نے بتایا کہ ایک ہی بائک پر سوار 3 نوجوانوں کی موت ہوئی ہے اور ابتدائی معلومات کے مطابق کسی نامعلوم ٹریلر نے بائک کو ٹکر ماری تھی۔ تینوں مہلوک ایرواڑا گاوں کے رہنے والے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن