
اے ایم یو سنٹر ملاپورم کے طلبہ نے پونّانی سب جیل کا تعلیمی دورہ کیا
علی گڑھ، 11 دسمبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ملاپورم سنٹر، کیرالہ کے شعبہ قانون کے لیگل ایڈ سیل نے ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی کے تعاون سے طلبہ کے لئے پونّانی سب جیل کے ایک تعلیمی دورہ کا اہتمام کیا، جس کا مقصد طلبہ کو فوجداری نظامِ انصاف کے عملی پہلوؤں سے روشناس کرانا تھا۔
سب جج مسٹر شبیر ابراہیم ایم کی رہنمائی میں اس دورے کے دوران طلبہ کو جیل کی انتظامی کارروائیوں، قیدیوں کے حالاتِ زندگی اور قانونی معاونت کی دستیابی کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔ سنٹر کے ڈائرکٹر پروفیسر ایم شاہ الحمید نے اس اقدام کو طلبہ کے لئے علمی نقطہ نظر سے انتہائی مفید قرار دیا۔ اس پروگرام کی نگرانی ڈاکٹر عظمت علی اور ڈاکٹر نسیمہ پی کے نے کی، جبکہ کوآرڈینیشن مسٹر شاہنواز احمد ملک نے کیا۔
جیل کا تعلیمی دورہ کرنے والے طلبہ میں محمد عامر وارثی، ارباز خان، ماجد، نواز قاسمی اور سید محمد فواز نے قیدیوں اور جیل کے عملہ سے بات چیت کی اور روزمرہ کے انتظامی امور، مقدمات سے متعلق مسائل اور قانونی آگہی کی اہمیت کے بارے میں عملی بصیرت حاصل کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ