
عبداللہ اسکول میں سائنس و آرٹس کی نمائش کا اہتمام
علی گڑھ، 11 دسمبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے عبداللہ اسکول میں رنگا رنگ سائنس اور آرٹ نمائش کا اہتمام کیا گیا، جس میں ابتدائی درجات کے طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں، جدت پسندی اور مہارتوں کو پیش کیا گیا۔ ننھے طالب علموں نے ورکنگ اور نان ورکنگ سائنسی ماڈلز پیش کئے اور اپنے تصورات نہایت اعتماد کے ساتھ نمائش میں آنے والے افراد لوگوں کو سمجھائے۔ نمائش میں ہاتھ سے بنے ہوئے گملے، فوٹو فریم، کروشے کے نمونے اور دیگر فن پارے بھی شامل تھے۔
نمائش میں طلبہ کے تیار کردہ گیمنگ زون نے بھی خاصی توجہ حاصل کی، جس میں ہاتھ سے بنائے گئے گیمز اور کوئز شامل تھے۔ ہاتھ سے تیار کردہ سیلفی کارنرز کو بھی خاصا سراہا گیا۔ تقریب میں ڈاکٹر صالحہ جمال، اسسٹنٹ ڈائریکٹر، اسکول ایجوکیشن، اے ایم یو، ڈاکٹر ثمینہ، پرنسپل اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول اور ڈاکٹر نائلہ راشد، پرنسپل، احمدی اسکول برائے نابینا طلبہ بھی شامل ہوئے۔ انھوں نے طلبہ کی صلاحیتوں، جدت پسندی اور تخلیقی کاوشوں کو سراہا۔
مختلف مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو نقد انعامات اور اسناد سے نوازا گیا۔ مستحق طلبہ کو توحید قمر ایوارڈپیش کیا گیا۔
سپرنٹنڈنٹ محترمہ عمرہ ظہیر نے طلبہ کی خاطر خواہ حوصلہ افزائی کی۔ پروگرام کے انعقاد میں عنبرین ذکی، عرشیہ آفتاب، سارہ صدیقی اور صہبا عاصم نے بھرپور تعاون کیا۔ نظامت کے فرائض سینئر ٹیچر محترمہ انجم انور نے انجام دئے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ