
نئی دہلی، 10 دسمبر (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے بدھ کومرکزی انفارمیشن کمیشن (سی آئی سی) سمیت اہم تقرریوں کو حتمی شکل دینے کے لیے میٹنگ کی۔ پارلیمنٹ ہاوس میں تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والی اس ملاقات میں ان عہدوں کے لیے تجویز کردہ ناموں پر اتفاق رائے نہیں ہو سکا۔ ذرائع کے مطابق سی وی سی، سی آئی سی اور دیگر اہم عہدوں کے لیے کچھ نام تجویز کیے گئے تھے، لیکن قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے ان ناموں کی مخالفت کی۔ انہوں نے تحریری طور پر اس مسئلہ پر اپنے اختلاف کا اظہار کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اس اہم میٹنگ کا مقصد مرکزی ویجیلنس کمیشن کے چیف انفارمیشن کمشنر، انفارمیشن کمشنرز اور ویجیلنس کمشنروں کے ناموں پر اتفاق رائے پیدا کرنا تھا۔ ان عہدوں کے لیے انتخاب تین رکنی پینل کے ذریعے کیا جاتا ہے جس میں وزیر اعظم، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور وزیر داخلہ شامل ہوتے ہیں۔ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف کی حیثیت سے راہل گاندھی ان نگراں اداروں کے سربراہان کی تقرری کے لئے ذمہ دار سلیکشن کمیٹیوں کے ایک آئینی رکن ہیں۔ راہل گاندھی نے مسلسل تشویش کا اظہار کیا ہے کہ حکومت شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے کے لیے قائم اداروں کی خود مختاری اور آزادی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد