
نئی دہلی، 10 دسمبر (ہ س)۔دارالحکومت دہلی کے تین نجی اسکولوں میں بدھ کی صبح ای- میل کے ذریعے بم کی دھمکیاں ملنے سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ صبح 10 بجے کے قریب ای -میل موصول ہونے کے بعد پولیس، فائر ڈیپارٹمنٹ اور سیکورٹی ایجنسیوں کو فوری طور پر الرٹ کر دیا گیا تاہم تحقیقات کے بعد دھمکیوں کوجھوٹا(ہاکس) قرار دیا گیا۔
پولیس اور فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق پہلا دھمکی آمیز ای- میل لکشمی نگر کے لولی پبلک اسکول میں موصول ہوا۔ اس کے بعد، پولیس نے اطلاع دی کہ اسی طرح کی دھمکیاں صادق نگر کے انڈین اسکول اور آر کے پورم میں دہلی پبلک اسکول (ڈی پی ایس) کو بھیجی گئیں۔ دھمکیاں ملنے پر انتظامیہ حرکت میں آگئی۔ا سکولوں میں موجود طلباء، اساتذہ اور عملے کو فوری طور پر وہاں سے نکال لیا گیا اور پورے کیمپس کو گھیرے میں لے لیا گیا۔ فائر بریگیڈ کئی گاڑیاں، بم اسکواڈ، ڈاگ اسکواڈ، اور پولیس کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور گھنٹوں تک اسکولوں کی تلاشی لی۔
ایک پولیس افسر نے بتایا کہ کسی بھی اسکول میں کوئی مشکوک چیز نہیں ملی۔ یہ دھمکی بالکل غلط ثابت ہوئی۔ جب کہ اس واقعے سے اسکولوں میں کچھ دیر کے لیے خوف و ہراس پھیل گیا، بعد میں حالات معمول پر آنے کے بعد بچوں کو بحفاظت ان کے والدین کے پاس چھوڑ دیا گیا۔ پولیس فی الحال ای-میل بھیجنے والے کی شناخت کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد