
بہار اسمبلی انتخاب: دوسرے مرحلے کی 122 نشستوں پر انتخابی مہم ختم، ووٹنگ 11 نومبر کو ہوگی
پٹنہ، 09 نومبر (ہ س)۔
بہار اسمبلی انتخاب 2025 کے دوسرے مرحلے میں 20 اضلاع کی 122 نشستوں پر 11 نومبر کو ووٹنگ ہوگی۔ اس کے لیے اتوار کی شام انتخابی مہم کا شور تھم گیا۔ آخری دن تمام جماعتوں کے لیڈروں نے پوری طاقت جھونک دی۔ پہلے مرحلے میں 6 نومبر کو 121 نشستوں پر ووٹنگ ہو چکی ہے۔ دوسرے مرحلے میں 3 کروڑ 70 لاکھ سے زیادہ ووٹرز 1302 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔
ان میں ایک کروڑ 95 لاکھ 44 ہزار 041 مرد ووٹر اور ایک کروڑ 74 لاکھ 68 ہزار 572 خاتون ووٹر دوسرے مرحلے میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں گے۔ ان نشستوں میں 101 جنرل، 19 درج فہرست ذات اور 2 درج فہرست قبائل کے لیے مخصوص ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق کل 1302 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں سب سے زیادہ 22-22 امیدوار کیمور کے چینپور، روہتاس کے ساسارام اور گیا کے گیا شہر میں ہیں۔ سب سے کم امیدوار 6 اسمبلی حلقوں میں ہیں۔ ان میں مغربی چمپارن کا لوریا، چنپٹیا، مشرقی چمپارن کا رکسول اور سگولی، سپول کا تریوینی گنج اور پورنیہ کا بنمنکھی اسمبلی حلقہ شامل ہے، جہاں ہر نشست پر 5-5 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق دوسرے مرحلے میں 45,399 بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔ ان میں دیہی علاقوں میں 40,073 اور شہری علاقوں میں 5,326 بوتھ ہیں۔ 45,388 جنرل بوتھ اور 11 ضمنی بوتھ بنائے گئے ہیں۔ دوسرے مرحلے میں 3 کروڑ 70 لاکھ 13 ہزار 556 ووٹر ہیں۔ ان میں 7 لاکھ 69 ہزار 356 پہلی مرتبہ ووٹ ڈالنے والے ووٹر ہیں۔ 943 تیسری جنس کے ووٹر بھی اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔ دوسرے مرحلے میں 43 غیر مقیم ہندی (این آر آئی) ووٹر بھی شامل ہیں۔ 100 سال سے زیادہ عمر کے 6,255 ووٹر ہیں، جبکہ سروس ووٹرز کی تعداد 63,373 ہے۔
دوسرے مرحلے میں کئی بڑے لیڈروں کی قسمت کا فیصلہ ہونا ہے۔ ان میں وزیراعلیٰ نتیش کمار کے سینئر ترین وزیر وجیندر پرساد یادو (سپول)، نتیش کمار کے قریبی وزیر لیسی سنگھ (دھمداہا)، سابق نائب وزیراعلیٰ رینو دیوی (بیتیا)، وزیر شیلا منڈل (فلپراس) کے علاوہ واحد مسلم وزیر زماں خان (چین پور) شامل ہیں۔ دوسرے مرحلے کی انتخابی مہم میں وزیراعظم نریندر مودی، مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ، وزیردفاع راجناتھ سنگھ، بی جے پی کے صدر جے پی نڈا، وزیراعلیٰ نتیش کمار، اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ، دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا سمیت این ڈی اے کے تمام سینئر لیڈروں نے پوری طاقت جھونک دی ہے۔
وہیں دوسری طرف، مہاگٹھ بندھن سے تیجسوی یادو، راہل گاندھی، پرینکا گاندھی، ملیکارجن کھڑگے، اکھلیش یادو سمیت کئی لیڈروں نے انتخابی مہم چلائی ہے۔ اسی کے ساتھ، جن سُراج پارٹی کے لیے پرشانت کشور، بہوجن سماج پارٹی کے لیے مایاوتی اور اے آئی ایم آئی ایم کے لیے اسد الدین اویسی نے بھی اپنے اپنے امیدواروں کے حق میں ووٹ کی اپیل کی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن