
پٹنہ، 7 نومبر (ہ س)۔ آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے ایک نیوز چینل کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں دعویٰ کیا ہے کہ اس بار بہار کی خواتین تبدیلی کے حق میں فیصلہ کر چکی ہیں اور کسی لالچ یا رشوت سے متاثر نہیں ہوں گی۔ ان کے مطابق، حکومت ووٹ حاصل کرنے کے لیے خواتین کو 10 ہزار روپے کی رشوت دے رہی ہے لیکن عوام کے ذہن میں تبدیلی کی خواہش کہیں زیادہ مضبوط ہے۔بہار میں پہلے مرحلہ کے تحت کل ووٹنگ مکمل ہو چکی ہے، جس کے بعد ایک چینل کو دئے گئے انٹرویو میں تیجسوی یادو نے کہا، ’’بہار کی مائیں اور بہنیں اب سب کچھ سمجھ چکی ہیں۔ وہ جانتی ہیں کہ صرف چند ہزار روپے لینے سے ان کے بیٹوں کو روزگار نہیں ملے گا۔ اس بار وہ اپنی آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے ووٹ دیں گی۔‘‘انہوں نے کہا کہ ’’بہار کے لوگ، خاص طور پر خواتین، اس وقت سب سے بڑی تبدیلی کی طاقت بن چکی ہیں۔ جو لوگ باہر مزدوری کے لیے جاتے ہیں، ان کی مائیں چاہتی ہیں کہ وہ بہار میں ہی کام کریں۔ وہ اس وقت ایک ہی بات کہہ رہی ہیں تبدیلی ہو کر رہے گی۔‘‘انٹرویو کے دوران تیجسوی یادو نے نتیش حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں بدعنوانی اور بدانتظامی نے عام لوگوں کی زندگی مشکل کر دی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’گذشتہ 15 سالوں میں بہار میں نوجوانوں کے لیے کوئی موقع پیدا نہیں کیا گیا۔ ہم آئی ٹی، فوڈ پروسیسنگ اور ایگرو بیسڈ صنعتوں کے ذریعے روزگار کے نئے راستے کھولنا چاہتے ہیں۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ ’’اگر ان کی حکومت دوبارہ اقتدار میں آتی ہے تو بہار کو نقل مکانی سے آزاد کرایا جائے گا۔ ہم چاہتے ہیں کہ بہار میں آئی ٹی پارکس، فیکٹریاں اور انڈسٹریل زون قائم ہوں تاکہ لوگوں کو باہر نہ جانا پڑے۔‘‘وزیر اعظم نریندر مودی پر طنز کرتے ہوئے تیجسوی نے کہا کہ ’’وہ بار بار 30-35 سال پرانی باتیں دہراتے ہیں مگر آج کے مسائل پر کچھ نہیں بولتے۔ وزیر اعظم مکامہ میں جو ہوا اس پر خاموش ہیں، جبکہ این سی آر بی کے اعداد و شمار کے مطابق یہاں جرائم کی شرح کم نہیں ہوئی ہے۔‘‘انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی نے اپنے قلیل عرصۂ اقتدار میں کئی پالیسی اقدامات کیے، جن میں آئی ٹی، کھیل اور سیاحت سے متعلق نئی پالیسیاں، ذات پر مبنی سروے اور اسپتالوں سے غیر حاضر رہنے والے 700 ڈاکٹروں کی برخاستگی شامل ہے۔ نتیش کمار پر براہِ راست حملہ کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا، ’’وزیر اعلیٰ نہ نیتی آیوگ کی میٹنگ میں جاتے ہیں، نہ انویسٹر کانفرنس میں۔ بہار کو سرمایہ کاری سے محروم رکھا گیا ہے۔‘‘تیجسوی یادو نے کہا کہ ’’اس بار بہار کے نوجوان اور خواتین دونوں نے طے کر لیا ہے کہ وہ اس حکومت کو بدلیں گے۔ یہ انتخاب صرف اقتدار کا نہیں، عزت اور روزگار کا ہے اور اس بار بہار کی خواتین سب سے آگے ہیں۔‘‘
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan