
نئی دہلی، 7 نومبر (ہ س)۔ ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان قانون اور انصاف کے میدان میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے وسیع تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس سلسلے میں برطانیہ کی وزارت انصاف کے ایک وفد نے جمعہ کو نئی دہلی کے شاستری بھون میں حکومت ہند کی وزارت قانون و انصاف کے قانون ساز محکمہ کے سکریٹری سے ملاقات کی۔
مرکزی وزارت قانون کے مطابق، میٹنگ میں قانون سازی کے مسودے، زندگی میں آسانی کے اقدام، فرسودہ قوانین کی منسوخی، ٹربیونل نظام، صنفی انصاف اور دونوں ممالک کے اہلکاروں کے لیے تربیتی پروگرام جیسے موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹنگ کے دوران دونوں فریقوں نے ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) کے نفاذ سے متعلق پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وفد میں برطانیہ کی وزارت انصاف میں بین الاقوامی پروگراموں کے سربراہ ڈیوڈ مائر، انٹرنیشنل لیگل گورننس کی سربراہ کرسٹینا سوپر، قانونی خدمات کے سینئر پالیسی ایڈوائزر پال اسکاٹ اور بین الاقوامی مصروفیات کے لیے سینئر پالیسی ایڈوائزر باربورا سندارووا شامل تھے۔ ان کے ساتھ برطانوی ہائی کمیشن کے اہلکار بھی تھے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی