
ڈوڈہ پولیس نے مندر میں چوری کی واردات کو حل کیا
جموں، 7 نومبر (ہ س)۔ ڈوڈہ پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت اور فوری کارروائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مندر میں چوری کے ایک معاملے کو محض چوبیس گھنٹوں کے اندر حل کرلیا۔ پولیس نے چوری شدہ قیمتی اشیاء برآمد کر کے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق راجیش کمار ولد کرشن لال سکنہ گولی باغ، ڈوڈہ کی جانب سے مندر سے قیمتی سامان کی چوری کی شکایت درج کروائی گئی تھی، جس پر پولیس اسٹیشن ڈوڈہ میں ایف آئی آر نمبر 252/2025 زیرِ دفعہ 331(4)/305 بی این ایس کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
ایس ایس پی ڈوڈہ سندیپ مہتا کی ہدایت پر ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی، جس کی قیادت ایس ایچ او ڈوڈہ انسپکٹر پرویز احمد کھنڈے نے کی، جبکہ نگرانی کے فرائض ڈی وائی ایس پی ہیڈکوارٹرز ڈوڈہ کرشن رتن انجام دے رہے تھے۔ تحقیقات کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی گئی۔
مسلسل کوششوں کے بعد پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا جس کی شناخت الیاس احمد شان ولد غلام محی الد ین سکنہ شاہپورہ، غنیکہ، ڈوڈہ کے طور پر ہوئی۔ دورانِ تفتیش ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کیا، جس کے بعد اس کی نشاندہی پر پولیس نے چوری شدہ مندر کا سامان برآمد کیا، جس میں تین تانبے کی گھنٹیاں اور دو چاندی کے چھتر شامل ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر