پہاڑی ریاستوں میں جاری برفباری کا اثر مدھیہ پردیش میں، رات کا درجہ حرارت 20 ڈگری سے نیچے
آنے والے دنوں میں سردی کے ساتھ کوہرا بھی بڑھے گا بھوپال، 7 نومبر (ہ س)۔ شمالی ہند کی پہاڑی ریاستوں میں جاری برفباری کا اثر اب مدھیہ پردیش کے میدانی علاقوں میں بھی محسوس کیا جا رہا ہے۔ پوری ریاست میں رات کا درجہ حرارت معمول سے تقریباً 6 ڈگری
ایم پی موسم کا فائل فوٹو


آنے والے دنوں میں سردی کے ساتھ کوہرا بھی بڑھے گا

بھوپال، 7 نومبر (ہ س)۔

شمالی ہند کی پہاڑی ریاستوں میں جاری برفباری کا اثر اب مدھیہ پردیش کے میدانی علاقوں میں بھی محسوس کیا جا رہا ہے۔ پوری ریاست میں رات کا درجہ حرارت معمول سے تقریباً 6 ڈگری سیلسیس تک نیچے آگیا ہے۔ اندور میں نومبر میں رات کو اس مرتبہ ریکارڈ توڑ سرد پڑ رہی ہیں۔ گزشتہ دس برسوں میں یہ پانچواں موقع ہے جب کم از کم درجہ حرارت 12 ڈگری سے نیچے درج کیا گیا۔ بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات سے صوبے میں سردی کا اثر نمایاں طور پر بڑھ گیا ہے۔ تمام اہم شہروں میں کم از کم درجہ حرارت 20 ڈگری سیلسیس سے نیچے ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، ہمالیائی ریاستوں جموں و کشمیر، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں برفباری نے نچلے علاقوں میں سردی کو بڑھا دیا ہے۔ گلمرگ، کیدارناتھ اور بدریناتھ برف کی چادر میں لپٹے ہوئے ہیں۔ ہماچل کے لاہول اسپیتی، کنور اور کلّو اضلاع میں بھی تازہ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شمال سے آنے والی ٹھنڈی ہواؤں کے سبب آئندہ چند دنوں تک رات کے درجہ حرارت میں مزید گراوٹ ممکن ہے۔ فی الحال صوبے میں کہیں بھی بارش کا امکان نہیں ہے۔

مدھیہ پردیش میں رات کے درجہ حرارت کی بات کی جائے تو راج گڑھ میں سب سے کم 11 ڈگری سیلسیس، دھار میں 14.1 ڈگری، گُنا میں 14.7 ڈگری اور نوگاوں میں 15.1 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ پانچ بڑے شہروں میں بھوپال میں 13 ڈگری، اندور میں 12.1 ڈگری، اجین میں 14.5 ڈگری، گوالیار میں 16.3 ڈگری اور جبل پور میں 18.3 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت درج کیا گیا۔ گزشتہ سال نومبر میں اندور کا کم از کم درجہ حرارت 11.6 ڈگری تک پہنچا تھا۔

دن کے وقت بھی فضا میں سردی محسوس ہونے لگی ہے۔ جمعرات کو بھوپال کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28.4 ڈگری سیلسیس، اندور کا 28.3 ڈگری، گوالیار کا 28.6 ڈگری، اجین کا 29.5 ڈگری اور جبل پور کا 30.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ دموہ، کھجوراہو، منڈلا، ریوا، ساگر، ستنا، امریا، نرمداپورم، کھنڈوا اور کھرگون کو چھوڑ کر بیشتر اضلاع میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری سے نیچے رہا۔

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں سردی کے ساتھ دھند بھی بڑھ جائے گی۔ فی الحال دیر رات اور صبح سویرے ہلکی دھند چھانے لگی ہے۔ منڈلا میں حد بصارت صرف 2-1 کلومیٹر، جبکہ جبل پور، ریوا اور ستنا میں 4-2 کلومیٹر رہی۔ محکمہ کا اندازہ ہے کہ نومبر کا یہ ابتدائی سردی کا دور آنے والے ہفتوں میں اور تیز ہوگا، جس سے ریاست میں سردی کا اثر طویل عرصے تک محسوس ہوگا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande