
براشوو (رومانیہ)، 5 نومبر (ہ س)۔ تجارت و صنعت کے مرکزی وزیر مملکت جتن پرساد نے بدھ کو براشوو میں منعقدہ انڈیا-رومانیہ بزنس سمٹ میں ہندوستانی وفد کی قیادت کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری، صنعتی تعاون اور تکنیکی شراکت داری کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے رومانیہ کے صنعت کاروں کو ’میک ان انڈیا‘ اور’پروڈکشن بیسڈ انسینٹیو اسکیم‘ کے تحت ہندوستان کے مینوفیکچرنگ اور اختراعی شعبوں میںشراکت کے لئے مدعو کیا۔
وزارت تجارت کے مطابق، کانفرنس کا انعقاد براشوو چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیراہتمام، بخارسٹ میں ہندوستانی سفارت خانہ اور صنعتی فروغ اور اندرونی تجارت کے محکمے کے اشتراک سے کیا گیا۔ ملاقات کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان صنعتی سرمایہ کاری اور تکنیکی تعاون کو بڑھانا تھا۔ آٹوموبائل، دفاع، قابل تجدید توانائی، ایرو اسپیس، انجینئرنگ سروسز اور انفارمیشن ٹیکنالوجی جیسے اہم شعبوں کے صنعتی نمائندوں نے اس تقریب میں شرکت کی۔
اجلاس میں ”ہندوستان میں کاروباری مواقع“کے موضوع پر ایک پرزینٹیشن دی گئی ، جس میں پالیسی اصلاحات، سرمایہ کاری کی ترغیبات اور صنعتی راہداریوں میں ریاستی سطح کی سہولیات کے بارے میں معلومات کا اشتراک کیا گیا۔ ہندوستانی اور رومانیہ کی کمپنیوں کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے اور ممکنہ مشترکہ منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تجارت کے وزیر مملکت نے کہا کہ براشوو جدید رومانیہ کی علامت ہے، جہاں روایتی صنعتیں اور نئی ٹیکنالوجی جدت کو آگے بڑھانے کے لیے ایک ساتھ موجود ہیں۔ یہ جذبہ ہندوستان کے ”میک ان انڈیا“ اور ”ڈیجیٹل انڈیا“ کے تصورات سے ہم آہنگ ہے، جس میں بہت چھوٹے، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے اور اختراع سے چلنے والے اسٹارٹ اپ ملک کی جامع ترقی کے کلیدی انجن ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد