
شیئر بازار میں گرو پرب کی تعطیل، ایم سی ایکس میں شام کے سیشن میں ہوگا کاروبار
نئی دہلی، 5 نومبر (ہ س)۔ گرو نانک جینتی (گروپورب) کے موقع پر آج گھریلو شیئر بازار میں تعطیل ہے۔ آج بامبے اسٹاک ایکسچینج (بی ایس ای) اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) دونوں میں کاروبار نہیں ہوگا۔ اسٹاک ایکسچینج کے تعطیلاتی کیلنڈر کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی معمول کی چھٹیوں کے علاوہ یہ نومبر ماہ کی واحد مارکیٹ ہالی ڈے ہے۔
گروپورب کے موقع پر آج ملٹی کموڈیٹی ایکسچینج (ایم سی ایکس) میں بھی چھٹی ہے، البتہ یہ چھٹی صرف صبح کے سیشن کے لیے ہے۔ یعنی صبح کے سیشن میں آج کاروبار نہیں ہوگا، لیکن شام پانچ بجے کے بعد ایم سی ایکس میں کاروبار شروع ہوجائے گا۔ جہاں تک شیئر بازار میں کاروبار کا تعلق ہے، تو جمعرات 6 نومبر سے معمول کے مطابق کاروبار دوبارہ شروع ہوجائے گا۔
ایکسچینج کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق، آج بی ایس ای میں ایکویٹی سیگمنٹ اور ایکویٹی ڈیریویٹیو سیگمنٹ کے ساتھ ساتھ ایس ایل بی سیگمنٹ، کرنسی ڈیریویٹیوز سیگمنٹ، این ڈی ایس-آر ایس ٹی، ٹرائی پارٹی ریپو، کموڈیٹی ڈیریویٹیوز سیگمنٹ، الیکٹرانک گولڈ ریسیپٹس (ای جی آر) سیگمنٹ — ان تمام کے لیے کاروبار بند ہے۔ این ایس ای میں بھی آج ایکویٹیز، ایکویٹی ڈیریویٹیوز، کموڈیٹیز ڈیریویٹیوز، کارپوریٹ بانڈز، نیو ڈیٹ سیگمنٹس، نیگوشی ایٹڈ ٹریڈ رپورٹنگ پلیٹ فارم، میوچول فنڈز، سیکورٹی لینڈنگ اینڈ باروئنگ اسکیمز، کرنسی ڈیریویٹیوز اور انٹرسٹ ریٹ ڈیریویٹیوز — تمام سیگمنٹس میں تعطیل رہے گی۔
آج کی چھٹی کے علاوہ اب اس کیلنڈر سال میں، ہفتہ اور اتوار کی معمول کی چھٹیوں کے سوا، صرف اگلے مہینے ایک ہی چھٹی ہوگی۔ اگلے مہینے 25 دسمبر کو کرسمس کے موقع پر اسٹاک مارکیٹ بند رہے گی۔ اس روز بھی مارکیٹ کے کسی بھی سیگمنٹ میں کوئی کاروبار نہیں ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن