
بہرائچ، 5 نومبر (ہ س)۔ اترپردیش کے بہرائچ ضلع کے ریسیا تھانہ علاقے میں بدھ کو سڑک حادثے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کی موت ہوگئی۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا اور متوفیوں کی شناخت شروع کردی۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے مہلوکین کے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ریسیا پولیس اسٹیشن کے انچارج برہما گوڑ نے بتایا کہ بدھ کی صبح 6 بجے فخر پور سے آرہا بجری سے بھرا ٹریلر (یو پی 78 جے این 9855) لکھنو¿-بہرائچ قومی شاہراہ پر مدن کوٹھی چوراہے پر بے قابو ہوکر ایک کھائی میں الٹ گیا۔ اسی دوران ایک بائک (یو پی 40بی ایچ 9163) ٹریلر سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں دو مرد، ایک خاتون اور ایک سال کا بچہ جاں بحق ہوگیا۔ مرنے والوں کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے۔
تھانہ انچارج نے بتایا کہ بائک کی نمبر پلیٹ سے پتہ چلتا ہے کہ یہ بہرائچ کے لالوہی کے رہنے والے وجے کمار سنگھ کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔ ٹریلر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا اور اس کی تلاش کے لیے پولیس کی ٹیم تعینات کر دی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد