
جموں, 4 نومبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ضلع کشتواڑ کے چشوتی پاڈر علاقے میں سیلاب متاثرہ خاندانوں کے لیے نئے مکانات کی تعمیر کے منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھا۔قدرتی آفت کے دوران مکمل طور پر تباہ ہونے والے 19 مکانات کو ہائی رینج رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی کی معاونت سے مفت دوبارہ تعمیر کیا جائے گا۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں لیفٹیننٹ گورنر نے قدرتی آفت میں جاں بحق ہونے والے شہریوں اور سیکورٹی اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیلابی آفت نے قیمتی جانیں نگل لیں، گھروں کو تباہ کر دیا اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا۔ امید ہے کہ آج جن تین کمروں پر مشتمل پری فابریکیٹڈ اسمارٹ گھروں کا سنگِ بنیاد رکھا گیا ہے، وہ متاثرہ خاندانوں کی زندگیوں میں استحکام اور نیا آغاز لائیں گے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ایچ آر ڈی ایس انڈیا کے فلاحی اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پہلے ہی ایچ آر ڈی ایس انڈیا سے درخواست کی تھی کہ وہ ’آپریشن سندور‘ کے تحت یو ٹی بھر میں 1500 مکمل طور پر تباہ شدہ مکانات دوبارہ تعمیر کرے، جسے انہوں نے قبول کیا۔ یہ قدم متاثرہ خاندانوں کے لیے بڑی راحت ثابت ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ ہر نیا مکان مضبوط بنیاد پر تیار کیا جائے گا جس میں فائبر سیمنٹ بورڈز، پاوڈر کوٹڈ جی آئی شیٹس، اسٹیل فریم ورک اور سی چینل ساخت استعمال کی جائے گی تاکہ یہ مکانات سخت موسمی حالات کا سامنا کر سکیں۔ ہر مکان جدید سہولیات سے آراستہ اسمارٹ ہاؤس کے طور پر تعمیر کیا جائے گا۔
اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے ریسکیو ٹیموں، ضلعی انتظامیہ، فوج، این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، پولیس، مقامی نوجوانوں اور رضاکار تنظیموں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے قیمتی جانیں بچانے، مچیل ماتا یاتریوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے اور طبی امداد فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ چشوتی کے عوام نے غیر معمولی حوصلہ دکھایا ہے۔ قدرت نے انہیں سخت آزمائش میں ڈالا، مگر انہوں نے ثابت قدمی سے اس چیلنج کا مقابلہ کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں حکومتِ جموں و کشمیر سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی اور کشتواڑ کے عوام کی ترقی کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے مزید اعلان کیا کہ پاڈر علاقے میں آرمی گڈول اسکول اور پیٹرول پمپ کی منظوری دی گئی ہے۔ اسی طرح بارڈر روڈ آرگنائزیشن اٹھولی تا مچیل ماتا سڑک کی از سر نو تعمیر کرے گی اور چشوتی میں نیا پل تعمیر کیا جائے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ موبائل نیٹ ورک کی تمام کمزور جگہوں کی نشاندہی کی جا چکی ہے اور بی ایس این ایل کو نئے 4 جی ٹاورز لگانے کے لیے زمین منتقل کر دی گئی ہے۔
دورے کے دوران انہوں نے مقامی عوام سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ نوجوانوں کو ’مشین یُووا‘ کے تحت خود روزگاری مواقع سے جوڑا جائے۔انہوں نے مزید بتایا کہ مچیل ماتا میں یاتریوں کے لیے سہولیات کی توسیع پر کام جاری ہے جو مئی 2026 تک مکمل ہو جائے گا، جبکہ یاتری نواس کی تعمیر کے مطالبے پر بھی مناسب کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر