
نئی دہلی، 4 نومبر (ہ س)۔ دہلی پولیس کی کرائم برانچ کی این ڈی آر یونٹ نے قتل کے ایک معاملے میں مفرور تین اشتہاری مجرموں کو گرفتار کیا ہے ۔ گرفتار ملزمان میں مقتول کی بیوی بھی شامل ہے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت نظام عرف اعظم لنگڑا کی بیوی شبینہ، شمیمہ اور نظام عرف اعظم لنگڑا کے نام سے ہوئی ہے۔
یہ تینوں کالندی کنج پولیس اسٹیشن میں درج قتل کے مقدمہ میں مطلوب تھے۔ ایک سینئر پولیس افسر کے مطابق، 20 اور 21 مئی کی درمیانی شب کالندی کنج علاقے میں دو خاندانوں کے درمیان خاندانی تنازعہ پر لڑائی ہوئی تھی۔ جھگڑا اس حد تک بڑھ گیا کہ ایک فریق نے دوسرے پر چاقوو¿ں اور دیگر ہتھیاروں سے حملہ کر دیا۔ حملے میں متعدد افراد زخمی ہوئے جب کہ شمشاد نامی شخص بعد میں دوران علاج دم توڑ گیا۔ اس واقعہ کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔ تفتیش کے دوران، چھ ملزمان پہلے ہی گرفتار ہو چکے تھے، جبکہ تین دیگر — شبینہ، اس کی بہن شمیمہ، اور شبینہ کے شوہر نظام عرف اعظم لنگڑا — فرار ہو گئے تھے۔ 15 ستمبر کو عدالت نے تینوں کو مفرور قرار دے دیا۔
ایک پولیس افسر کے مطابق، اشتہاری مجرموں کی تلاش کے لیے انسپکٹر ونود یادو کی نگرانی میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔ پولیس کو اطلاع ملی کہ تینوں ملزمین کو نریلا انڈسٹریل ایریا میں دیکھا گیا ہے۔ تکنیکی نگرانی اور مقامی مخبر کی مدد سے پولیس ٹیم نے سب سے پہلے شبینہ اور شمیمہ کو گرفتار کیا۔ پوچھ گچھ کے دوران شبینہ نے اپنے شوہر نظام کے ٹھکانے کا انکشاف کیا جسے بعد میں گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ شبینہ کی شادی پہلے شمشاد کے بھائی سے ہوئی تھی جس نے کچھ عرصہ قبل خودکشی کر لی تھی۔ اس کے بعد مقتول شمشاد اپنی بیوی شمیمہ اور بھابھی شبینہ کو ہراساں کرتا تھا۔ اسی دشمنی کی بنا پر شبینہ، شمیمہ اور ان کے گھر والوں نے شمشاد پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہو گیا۔ تینوں کو اب عدالت میں پیش کیا گیا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد