
نئی دہلی، 4 نومبر (ہ س)۔ دوارکا ضلع کے اینٹی آٹو تھیفٹ اسکواڈ نے بدنام زمانہ کالا جٹھیڑی اور اوم پرکاش عرف کالا گینگ کے دو سرگرم ارکان کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے دو دیسی ساختہ پستول اور زندہ کارتوس برآمد کر لیے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت ونود عرف بونا (27) اور دھرو (19) کے طور پر کی گئی ہے، جو دہلی کے جھرودا کلاں گاو¿ں کے رہنے والے ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ لوگ اوم پرکاش عرف کالا اور اس کے بھائی امت عرف بگے کی ہدایت پر اپنے گاوں کے ایک شخص کو قتل کرنے کی سازش کر رہے تھے۔
دوارکا ضلع کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس انکت سنگھ نے منگل کوبتایا کہ تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ ونود عرف بونا اس سے قبل اسلحہ ایکٹ سمیت کئی مقدمات میں جیل میں بند تھا۔ اپنی حالیہ رہائی کے بعد، اس نے کالا گینگ سے دوبارہ رابطہ قائم کیا۔ دھرو، جو دو مجرمانہ مقدمات میں بھی ملزم ہے، اکثر امت عرف بگے سے ملنے جاتا تھا، جو تہاڑ جیل میں ہے۔ انہوں نے گینگ کی ہدایت پر اسلحہ جمع کیا تھا۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس نے کہا کہ ضلع کی اینٹی آٹو تھیفٹ اسکواڈ ٹیم کو اطلاع ملی تھی کہ کالا گینگ کا ایک رکن غیر قانونی ہتھیاروں کے ساتھ گھوم رہا ہے۔ انسپکٹر کملیش کمار کی قیادت میں ٹیم نے جھروداکلاں گاوں میں چھاپہ مارا اور دونوں کو گرفتار کر لیا۔ تلاشی کے دوران ایک پستول اور ایک دیسی ساختہ پستول برآمد ہوا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد