
ممبئی، 3 نومبر (ہ س)۔ بھارت کی خواتین کرکٹ ٹیم نے 52 سال کے انتظار کو ختم کرتے ہوئے بالآخر پہلی بار ون ڈے ورلڈ کپ جیت کر تاریخ رقم کر دی۔ ہرمن پریت کور کی کپتانی میں، بھارت نے 2025 کے خواتین ورلڈ کپ کے فائنل میں جنوبی افریقہ کو 52 رنز سے شکست دے کر اپنا نام سنہری حروف میں لکھا۔
ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے ٹاس ہار کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 7 وکٹوں پر 298 رنوں کا مضبوط اسکور کھڑا کیا۔ چوٹ سے نبرد آزما پرتیکا راول کی جگہ لینے والی شیفالی ورما نے 78 گیندوں پر 87 رنوں کی شاندار اننگز کھیلی جس میں سات چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ دیپتی شرما نے 58 گیندوں پر 58 رن بنا کر شاندار ساتھ دیا۔
شیفالی نے اسمرتی مندھانا (45) کے ساتھ 104 گیندوں پر 106 رن کی ابتدائی شراکت اور جمائمہ روڈریگس (24) کے ساتھ 62 رن کی شراکت داری کے ساتھ ہندوستان کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔ اس کے بعد ریچا گھوش نے 24 گیندوں پر 34 رن بنا کر رن ریٹ کو برقرار رکھا۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ایابونگا کھاکا سب سے کامیاب بولر رہیں جنہوں نے 58 رن کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔
299 رن کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی شروعات متزلزل رہی لیکن کپتان لورا وولوارڈ نے 98 گیندوں پر 101 رن کی شاندار سنچری بنا کر ٹیم کو مشکلات سے باہر نکالنے میں مدد جاری رکھا۔ تاہم ہندوستانی گیند بازوں نے جلد ہی میچ کا رخ موڑ دیا۔
دیپتی شرما نے کرشماتی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شیفالی ورما نے دو اہم وکٹیں حاصل کیں۔ افریقی ٹیم 45.3 اوور میں 246 رن بنا کرآل آؤٹ ہو گئی اور بھارت نے یہ میچ 52 رن سے جیت لیا۔
ہندوستان نے پہلی بار خواتین کا کرکٹ ورلڈ کپ جیتا ہے۔ ٹیم انڈیا اس سے قبل 2005 اور 2017 میں فائنل تک پہنچی تھی لیکن ناکام رہی تھی۔ اس بار کپتان ہرمن پریت کور نے ٹیم کو تاریخ رقم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
دیپتی شرما نے نہ صرف 58 رنز بنائے بلکہ 15 وکٹیں بھی حاصل کیں اور ٹورنامنٹ میں 200 رنز تک پہنچ گئیں، وہ ون ڈے ورلڈ کپ میں یہ کارنامہ انجام دینے والی پہلی خاتون کرکٹر بن گئیں۔
یہ فتح صرف ایک ٹائٹل ہی نہیں، بلکہ بھارت کی خواتین کی کرکٹ کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہے—ایک ایسا لمحہ جب بلیو بریگیڈ نے دنیا کے سامنے یہ ظاہر کیا کہ خواتین کی کرکٹ میں بھارت کا غلبہ برقرار ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد