
جموں, 3 نومبر (ہ س)۔ ریاسی پولیس نے ایک اہم کارروائی کے دوران طویل عرصے سے مفرور ایک ملزم کو گرفتار کر کے قانون کے حوالے کر دیا۔ ملزم بلدیو سنگھ ولد سروان سنگھ سکنہ ساولاکوٹ، تحصیل ارناس، ایف آئی آر نمبر 41/2019 کے تحت درج مقدمے میں دھوکہ دہی اور چوری کے الزامات میں مطلوب تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم گرفتاری سے مسلسل فرار اختیار کیے ہوئے تھا اور عدالت میں پیش نہ ہونے کے باعث 2023 میں اس کے خلاف دفعہ 512 ضابطہ فوجداری کے تحت وارنٹ جاری کیا گیا تھا۔ قابلِ اعتماد اطلاع ملنے پر پولیس کی خصوصی ٹیم نے کامیاب چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے مفرور کو گرفتار کیا اور بروقت عدالت کے روبرو پیش کیا۔
ترجمان کے مطابق، یہ کارروائی ریاسی پولیس کی مجرموں کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہے، جس کا مقصد ضلع میں امن و امان کو برقرار رکھتے ہوئے قانون شکن عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرنا ہے۔
یہ کامیاب کارروائی تھانہ ریاسی کی ٹیم نے ایس ایچ او انسپکٹر رنجیت سنگھ راؤ کی قیادت میں، ڈپٹی ایس پی ہیڈکوارٹر ویشال سنگھ جمّوال اور ایڈیشنل ایس پی افتخار احمد کی نگرانی میں انجام دی۔
ایس ایس پی ریاسی پرم ویر سنگھ نے کہا کہ ریاسی پولیس قانون کی عملداری کو یقینی بنانے اور تمام مفرور و اشتہاری ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے مسلسل کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر