وزیر اعلیٰ نے خواتین کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ جیتنے پر مبارکباد پیش کی
وزیر اعلیٰ نے خواتین کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ جیتنے پر مبارکباد پیش کی جموں، 3 نومبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر کے روز بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ورلڈ کپ جیتنے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے غیر معمولی ہم
Cm


وزیر اعلیٰ نے خواتین کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ جیتنے پر مبارکباد پیش کی

جموں، 3 نومبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر کے روز بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ورلڈ کپ جیتنے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے غیر معمولی ہمت، جذبے اور اتحاد کے ساتھ تاریخ رقم کی ہے۔ ممبئی میں اتوار کے روز کھیلے گئے فائنل میں بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کو 52 رنوں سے شکست دے کر پہلی مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا، جو ملک کی کھیلوں کی تاریخ میں سنہری باب کی حیثیت رکھتا ہے۔

عمر عبداللہ نے سول سکریٹریٹ جموں میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ کامیابی نہ صرف خواتین کرکٹ کے لیے بلکہ پورے ملک کے لیے فخر و مسرت کا لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ٹورنامنٹ کا آغاز ہوا تو کسی نے بھی یہ توقع نہیں کی تھی کہ بھارت چیمپئن بنے گا، لیکن ٹیم نے غیر معمولی حوصلے اور عزم کے ساتھ کھیل پیش کرتے ہوئے کئی مشکل میچوں میں کامیابی حاصل کی، خصوصاً آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میں بڑا ہدف حاصل کرنا ایک غیر معمولی کارنامہ تھا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر مرد و خواتین کھلاڑیوں کے درمیان تنخواہوں اور مراعات میں مساوات رکھی جائے، جیسا کہ بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے یقینی بنایا ہے، تو کارکردگی میں نمایاں بہتری آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں مرد و خواتین ٹیموں کی تنخواہوں میں نمایاں فرق تھا، مگر اب حالات بدل چکے ہیں اور آج کی خواتین ٹیم اتنی مضبوط ہو چکی ہے کہ اسے شکست دینا آسان نہیں ہوگا۔ ادھر ورلڈ کپ جیت کی خبر آتے ہی جموں میں جشن کا سماں دیکھا گیا۔ نوجوانوں نے آتش بازی کی، مٹھائیاں تقسیم کیں اور بھارت ماتا کی جے کے نعرے بلند کرتے ہوئے قومی فخر کا اظہار کیا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande