
نئی دہلی، 3 نومبر (ہ س): بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک وفد نے مغربی بنگال میں خصوصی ووٹر لسٹ نظرثانی (ایس آئی آر) کے عمل میں بے ضابطگیوں کے بارے میں پیر کو الیکشن کمیشن کو ایک میمورنڈم پیش کیا۔ بی جے پی کے وفد نے مطالبہ کیا کہ ووٹر لسٹ کی درستگی کو برقرار رکھنے کے لئے اس عمل کو منصفانہ اور چوکسی کے ساتھ انجام دیا جائے۔
بی جے پی نے الزام لگایا ہے کہ ریاست میں بڑی تعداد میں جعلی اور پچھلی تاریخ کے دستاویزات جاری کیے جا رہے ہیں، جن کا استعمال ووٹر لسٹ میں غیر قانونی دراندازی کرنے والوں کو شامل کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ پارٹی نے کہا کہ ریاستی حکومت کی اسکیموں کے تحت دستاویزات کا غلط استعمال بڑھ گیا ہے۔ وفد میں مغربی بنگال کے ریاستی صدر سمک بھٹاچاریہ، بی جے پی آئی ٹی سیل کے سربراہ امیت مالویہ، بی جے پی جنرل سکریٹری اوم پاٹھک اور ایم پی بپلاب دیب شامل تھے۔
بی جے پی کے وفد کی الیکشن کمیشن سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مغربی بنگال کے ریاستی صدر سمک بھٹاچاریہ نے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن سے تمام بے ضابطگیوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی درخواست کی ہے۔ ہم نے کمیشن کو مغربی بنگال کی صورتحال سے آگاہ کر دیا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ الیکشن کمیشن مناسب کارروائی کرے گا۔ سمیک بھٹاچاریہ نے کہا کہ ریاست میں ایک مناسب ایس آئی آر ہونا چاہیے۔ یہ پورے ہندوستان میں ہو رہا ہے، لیکن بی ایل او مغربی بنگال کے علاوہ کہیں بھی سیکورٹی کا مطالبہ کیوں نہیں کر رہے ہیں؟ وہ مغربی بنگال میں سی آئی ایس ایف کا مطالبہ کیوں کر رہے ہیں؟ ہم الیکشن کے لیے تیار ہیں۔ مغربی بنگال کے لوگ ممتا بنرجی کے تشدد کے دور کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
مغربی بنگال میں ایس آئی آر میں سنگین بے ضابطگیوں کا معاملہ اٹھاتے ہوئے بی جے پی نے الیکشن کمیشن پر زور دیا کہ وہ مغربی بنگال کے حالات کے پیش نظر ریاست کے لیے خصوصی حفاظتی اقدامات نافذ کرے۔
کلیدی سفارشات میں 24 جون 2025 کے بعد جاری کردہ برتھ سرٹیفکیٹ کو قبول نہ کرنا اور اگر ضروری ہو تو بوتھ لیول افسران کی تصدیق کے بعد ہی شامل ہے۔ صرف گروپ اے افسران کی طرف سے جاری کردہ سرٹیفکیٹ درست ہونے چاہئیں، اور ہر سرٹیفکیٹ کی تصدیق جاری کرنے والے افسر سے ہونی چاہیے۔ بغیر فیلڈ تصدیق کے جاری کردہ ذات کے سرٹیفکیٹ کو مسترد کر دیا جائے؛ اور او بی سی-اے زمرہ سے تعلق رکھنے والے سرٹیفکیٹس کی تصدیق کو عدالتی فیصلے تک روک دیا جائے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی