
گاوں میں ماتم چھایا، لواحقین کا رو رو کر برا حال
اوریا، 23 نومبر (ہ س)۔
اتر پردیش کے اوریا ضلع کے بابرپور- پھپھوند روڈ پر بیگھے پور گاوں کے قریب ہفتہ کی دیر رات ایک دل خراش سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں موٹر سائیکل سوار دو چچازاد بھائیوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پورے علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی اور اہل خانہ میں کہرام مچ گیا۔
اطلاعات کے مطابق گرام تلسی پور پھپھوند کے رہائشی 22 سالہ جتیندر ولد راجندر اور اس کا چچا زاد بھائی 25 سالہ وکاس ولد آشا رام ہفتہ کی رات کسی شناسا کی دعوت میں شامل ہونے کے لیے موٹر سائیکل سے نکلے تھے۔ تقریباً 10 بج کر 30 منٹ پر جب وہ بیگھے پور گاوں کے قریب پہنچے، تبھی ایک تیز رفتار نامعلوم گاڑی نے ان کی موٹر سائیکل کو زوردار ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ دونوں نوجوان دور جا گرے اور بری طرح زخمی ہو گئے۔ آس پاس موجود لوگوں نے فوراً پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس کو اطلاع ملتے ہی وہ موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو ایمبولینس کی مدد سے سی ایچ سی اجیت مل لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے دونوں نوجوانوں کو مردہ قرار دے دیا۔ پولیس کے مطابق جتیندر حادثے کے وقت ہیلمٹ پہنے ہوئے تھا، لیکن ٹکر اتنی شدت تھی کہ اُس کی جان بھی نہ بچ سکی۔
اہل خانہ اور گاوں والوں کے مطابق متوفیان وکاس آٹو چلا کر اپنے گھر کا خرچ چلاتا تھا، جبکہ جتیندر مزدوری کر کے روزی روٹی کماتا تھا۔ دونوں خاندانوں کی مالی حالت پہلے سے ہی کمزور تھی۔ ایسے میں اس اچانک پیش آئے حادثے نے دو گھروں کے چراغ بجھا دیے۔ حادثے کی خبر ملتے ہی اہل خانہ اسپتال پہنچے اور وہاں کا دل دہلا دینے والا منظر ہر ایک کی آنکھیں نم کر گیا۔ گاوں میں غم کا ماحول ہے۔
انچارج انسپکٹر جرائم رام چندر نے بتایا کہ بادی النظر میں معاملہ تیز رفتار گاڑی کے باعث پیش آنے والے سڑک حادثے کا معلوم ہوتا ہے۔ دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی ٹکر مارنے والی گاڑی اور ڈرائیور کی تلاش کی جا رہی ہے۔ پولیس آس پاس کے مقامات کے سی سی ٹی وی فٹیج بھی کھنگال رہی ہے تاکہ گاڑی کا سراغ مل سکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن