سرحدی علاقوں کی جامع ترقی کے لیے حکومت نے روڈ میپ تیار کیا۔
جموں, 23 نومبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر میں سرحدی علاقوں کی ہمہ جہت ترقی کے لیے 124 اسٹریٹجک دیہات پر مشتمل ایک جامع روڈمیپ تیار کر لیا گیا ہے۔ یہ دیہات آٹھ اضلاع کے 43 بارڈر بلاکس میں واقع ہیں اور انہیں وائبرینٹ ولیجز پروگرام فیز۔2 کے تحت ترقی دی جائے
Vs


جموں, 23 نومبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر میں سرحدی علاقوں کی ہمہ جہت ترقی کے لیے 124 اسٹریٹجک دیہات پر مشتمل ایک جامع روڈمیپ تیار کر لیا گیا ہے۔ یہ دیہات آٹھ اضلاع کے 43 بارڈر بلاکس میں واقع ہیں اور انہیں وائبرینٹ ولیجز پروگرام فیز۔2 کے تحت ترقی دی جائے گی۔ یہ معلومات اتوار کو چیف سکریٹری اٹل ڈلو کی صدارت میں منعقدہ میٹنگ میں فراہم کی گئیں، جہاں پروگرام کی پیش رفت اور عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔

سرکاری ترجمان کے مطابق، پروگرام کی مؤثر نگرانی کے لیے ایک مضبوط ادارہ جاتی ڈھانچہ قائم کیا گیا ہے۔ یو ٹی اور ضلعی سطح پر نوڈل محکموں اور افسروں کی نامزدگی کے ساتھ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے اسکریننگ کمیٹیاں بھی تشکیل دی ہیں۔

پروگرام شمالی کشمیر کے بارہمولہ، بانڈی پورہ اور کپواڑہ جبکہ جموں ڈویژن کے سانبہ، جموں، کٹھوعہ، راجوری اور پونچھ اضلاع کو شامل کرتا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ 1,421 سرحدی دیہات میں جامع گیپ اینالیسس مکمل کیا جا چکا ہے تاکہ چار اہم شعبوں میں مکمل کوریج حاصل کی جا سکے۔

اب تک 1,378 دیہات کو سڑک رابطہ فراہم کیا جا چکا ہے جبکہ 30 اسٹریٹجک دیہات کو پی ایم جی ایس وائی چہارم کے تحت تجویز کیا گیا ہے۔ مزید 169 آبادیوں کے سروے بھی مکمل ہو چکے ہیں تاکہ مشکل علاقوں میں رابطہ کاری کے لیے قواعد میں نرمی حاصل کی جا سکے۔

ٹیلی کام شعبے کے حوالے سے بتایا گیا کہ بی ایس این ایل نے فور جی سیچوریشن کے سروے تیز کر دیے ہیں۔ منتخب وائبرینٹ ولیجز میں سے 98 دیہات میں کنیکٹیویٹی موجود ہے جبکہ کپواڑہ اور بانڈی پورہ کے علاقوں میں خدمات کی توسیع کا منصوبہ جاری ہے۔

بجلی رسانی کے سلسلے میں جموں، سانبہ اور کٹھوعہ اضلاع نے سو فیصد گرڈ الیکٹریفیکیشن حاصل کر لی ہے۔ پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی گئی ہے کہ تلیل ویلی اور کپواڑہ میں زیر التوا کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ کپواڑہ کے مزید 1,402 اور بانڈی پورہ کے 2,574 گھروں کو گرڈ کنیکٹیویٹی فراہم کی جا سکے۔

معلوماتی خلا دور کرنے کے لیے بارہمولہ اور کپواڑہ کے سرحدی بلاکس میں ٹی وی سیٹ رکھنے والے گھروں کو ڈی ٹی ایچ سہولت فراہم کرنے کے اقدامات تیز کیے جا رہے ہیں۔

تمام ضلعی نوڈل افسران نے ایل جی ڈی کوڈز کی تصدیق مکمل کر لی ہے اور اب وہ دیہی ایکشن پلانز کو آخری شکل دینے میں مصروف ہیں، جن میں جیو ٹیگنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے ہر گاؤں کی ضرورت کے مطابق ترقیاتی کاموں کی نشاندہی کی گئی ہے۔

ترقیاتی ڈھانچے کے ساتھ ساتھ، وائبرینٹ ولیجز پروگرام فیز۔2 میں مالی شمولیت، سیاحتی فروغ اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کو بھی اہمیت دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں میڈیکل کیمپ، آگاہی مہمات اور سیاحتی سرگرمیاں منعقد کرنے کا منصوبہ ہے تاکہ مقامی معیشت کو فروغ ملے اور قومی یکجہتی کو مضبوط بنایا جا سکے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande