
نینی تال، 23 نومبر (ہ س)۔
الموڑا ضلع کے بھوالی- الموڑا قومی شاہراہ 109 پر راتی گھاٹ کے نزدیک گاڑی کے حادثے میں تین ٹیچر لیڈروں کی موت ہو گئی، جبکہ ایک زخمی کا علاج جاری ہے۔ ہفتہ دیر شام ہوالباغ علاقے سے ہلدوانی شادی کی تقریب میں شامل ہونے نکلے چار ٹیچر لیڈروں کی ایس یو وی کار اچانک بے قابو ہو کر گہری کھائی کو پار کرتے ہوئے شپرا ندی میں جا گری۔ حادثے میں گاڑی کے پرخچے اُڑ گئے۔ کار میں سوار تین اساتذہ سریندر بھنڈاری، پشکر بھیسوڑا اور سنجے بشٹ کی موقعے پر ہی موت ہو گئی، جبکہ منوج کمار شدید طور پر زخمی ہو گئے۔
آس پاس کے لوگوں نے انتظامیہ کو حادثے کی اطلاع دی۔ کھیرنا کے چوکی انچارج ہرش بہادر پال پولیس اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیم موقعے پر پہنچی۔ رات میں پولیس، ایس ڈی آر ایف اور مقامی شہریوں نے مشترکہ طور پر تلاش اور بچاو کا آپریشن چلایا۔ رسیوں کے سہارے کھائی میں اُتر کر تمام زخمیوں کو کمیونٹی ہیلتھ سینٹر گرمپانی پہنچایا گیا، جہاں معالجوں نے سریندر بھنڈاری، پشکر بھیسوڑا اور سنجے بشٹ کو مردہ قرار دے دیا۔ سریندر بھنڈاری سرکاری پرائمری ٹیچر سنگھ ہوالباغ بلاک کے جنرل سکریٹری، پشکر بھیسوڑا ایجوکیشنل منسٹیریل آفیسرس ایسوسی ایشن اتراکھنڈ کے ریاستی صدر اور سنجے بشٹ سرکاری پرائمری ٹیچر سنگھ ہوالباغ بلاک کے صدر تھے۔ حادثے میں زخمی منوج کمار کو ابتدائی علاج کے بعد معالجوں نے ہلدوانی اعلیٰ مرکز بھیج دیا ہے۔
ڈاکٹر جگدیش چندر، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، کرائم اینڈ ٹریفک نے کہا کہ لاشوں کو بحفاظت کھیرنا میں رکھ دیا گیا ہے اور اہل خانہ کو مطلع کر دیا گیا ہے۔ واقعہ سے پورا علاقہ سوگوار ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن