
کولکاتا، 23 نومبر (ہ س)۔ ریاست میں بی ایل او کی خودکشی پر جاری تنازعہ کے درمیان، گورنر ڈاکٹر سی وی آنند بوس نے ریاستی حکومت اور الیکشن کمیشن کے درمیان بہتر تال میل پر زور دیا ہے۔
اتوار کی صبح راج بھون میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بی ایل او کی خودکشیپر، سی وی آنند بوس نے کہا، ایسی صورت حال پر ردعمل ظاہر کرنے سے گریز کرنا ہی بہتر ہے۔ مجھے یقین ہے کہ ہمارے پاس ایک مضبوط الیکشن کمیشن ہے۔ ان تمام معاملات کی صحیح طریقے سے جانچ ہو سکتی ہے اور مناسب حل تلاش کیا جا سکتا ہے۔ لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ اس ملک میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنایا جائے۔
گورنر نے کہا، مجھے یقین ہے کہ ہمارے آئین میں اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے حل موجود ہیں۔ ریاستی حکومت اور الیکشن کمیشن کو ایک دوسرے سے بات چیت کرنی چاہیے۔ گورنر کی حیثیت سے، میں دونوں کے درمیان خلیج کو ختم کرنے کی ہر ممکن کوشش کروں گا۔
قابل ذکر ہے کہ مغربی بنگال میں ایس آئی آر کے عمل کے آغاز کے بعد سے بی ایل او کی خودکشی کی خبریں منظر عام پر آئی ہیں۔ تاہم، ترنمول کانگریس کی رہنما اور وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے خودکشیوں کے لیے ایک بار پھر اس عمل کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ اس کے جواب میں بی جے پی نے ممتا بنرجی پر ایس آئی آر کی سیاست کرنے کا الزام لگایا ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی