

امیٹھی میں دردناک سڑک حادثہ، تین نوجوانوں کی موت
امیٹھی، 22 نومبر (ہ س)۔ اتر پردیش کے امیٹھی ضلع میں تیز رفتار کا قہر ایک بار پھر دیکھنے کو ملا، جہاں ہولناک سڑک حادثے میں تین نوجوانوں کی دردناک موت ہوگئی۔ امیٹھی کوتوالی علاقے کے سلطانپور روڈ پر واقع تھورا گاوں کے قریب دیر رات بلیٹ اور ڈی سی ایم کی آمنے سامنے ٹکر نے تین خاندانوں کو صدمے میں ڈال دیا۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ بلیٹ کے پرخچے اڑ گئے اور دو نوجوانوں نے موقع پر ہی دم توڑ دیا، جبکہ تیسرے نوجوان کی اسپتال میں علاج کے دوران موت ہوگئی۔
امیٹھی کوتوالی علاقے کے مہاراج پور گاوں کے رہائشی ہیرا لال کوری کے گھر سے جمعہ کی شام بارات پیپر پور تھانہ علاقے کے ہاری پور گاوں گئی تھی۔ اسی بارات میں شامل ہونے پہنچے مہاراج پور کے رہائشی ٹنکو سنگھ (40) ولد شیر بہادر سنگھ، بجرنگ بہادر سنگھ (35) ولد امر بہادر سنگھ اور انشو سنگھ (28) ولد بیجناتھ سنگھ ساکن مہاراج پور، تھانہ امیٹھی، رات میں بلیٹ سے واپس لوٹ رہے تھے۔ رات تقریباً 11 بجے جب یہ تینوں تھورا گاوں کے قریب پہنچے تو سامنے سے تیز رفتار آ رہی ڈی سی ایم نے اُن کی بائیک کو زور دار ٹکر مار دی۔
مقامی لوگوں اور راہگیروں نے فوراً پولیس کو اطلاع دی۔ امیٹھی کوتوالی پولیس موقع پر پہنچی اور تینوں زخمیوں کو اسپتال لے گئی، جہاں ڈاکٹروں نے دو نوجوانوں کو مردہ قرار دے دیا، جبکہ تیسرے نوجوان کی علاج کے دوران موت ہوگئی۔ پولیس نے تینوں لاشوں کو قبضے میں لے کر پنچنامہ بھر کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ ادھر حادثے کے بعد ڈی سی ایم کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، جس کی تلاش میں پولیس مصروف ہے۔ گاڑی کو قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
امیٹھی کوتوالی انچارج انسپکٹر روی کمار سنگھ نے بتایا کہ معاملے میں ضروری قانونی کارروائی کی جا رہی ہے اور فرار ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔ حادثے کی خبر ملتے ہی تینوں متوفیوں کے گھروں میں کہرام مچ گیا۔ پورے گاؤں میں سوگ کی فضا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن