ایل جی لداخ نے مرکزی وزیر صحت سے ملاقات کی
ایل جی لداخ نے مرکزی وزیر صحت سے ملاقات کی لداخ، 22 نومبر (ہ س)۔ لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا نے نئی دہلی میں مرکزی وزیر صحت و خاندانی بہبود جے پی نڈا سے ملاقات کی، جس میں لداخ کی ہیلتھ کیئر ترقی، میڈیکل ایجوکیشن اور عوامی بہبود سے متعلق اہ
LG


ایل جی لداخ نے مرکزی وزیر صحت سے ملاقات کی

لداخ، 22 نومبر (ہ س)۔ لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا نے نئی دہلی میں مرکزی وزیر صحت و خاندانی بہبود جے پی نڈا سے ملاقات کی، جس میں لداخ کی ہیلتھ کیئر ترقی، میڈیکل ایجوکیشن اور عوامی بہبود سے متعلق اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ کویندر گپتا نے مرکزی حکومت کی مسلسل معاونت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیر صحت کو بتایا کہ لداخ کے پہلے میڈیکل کالج اور لیہہ میں تجویز کردہ نرسنگ کالج سے متعلق منصوبوں پر قابلِ ذکر پیش رفت ہو چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی فنڈز کی فراہمی، زمین کی الاٹمنٹ، تعمیرات اور نئی پوسٹوں کی تخلیق کے لیے تجاویز جمع کرانے جیسے اہم اقدامات مکمل کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے وزارت سے درخواست کی کہ بقیہ انتظامی منظوریوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ میڈیکل کالج اور نرسنگ کالج جلد عملی شکل اختیار کر سکیں۔ایل جی نے ضلع اسپتال کرگل کی اپ گریڈیشن کو بھی ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا، جسے سو سے بڑھا کر 200 بستروں تک کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اضافی بنیادی ڈھانچے کی تعمیر جاری ہے، لیکن ضروری عملے کی تخلیق کے لیے وزارت کی فوری منظوری ناگزیر ہے۔

کویندر گپتا نے لیہہ میں سی جی ایچ ایس ویلنس سینٹر کے قیام کی بھی درخواست کی، یہ بتاتے ہوئے کہ لداخ میں تعینات ہزاروں مرکزی ملازمین اور پنشنرز اس سہولت سے محروم ہیں۔ انہوں نے وزارت سے مطالبہ کیا کہ لداخ کی پوری ایس ٹی آبادی کو پی ایم جے اے وائی کے مکمل کوریج میں لایا جائے اور خطے میں صحت کی خدمات کے زیادہ اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے پریمیم میں ترمیم کی جائے۔

لیفٹیننٹ گورنر نے لداخ میں ایک خصوصی آیوش اسپتال اور لیہہ میں ایمس کیمپس کے قیام کی بھی تجویز پیش کی، تاکہ خطے میں اعلیٰ سطحی طبی سہولیات اور میڈیکل ریسرچ کو بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مرکزی حکومت کے تعاون سے لداخ میں ایک مضبوط اور جامع صحت کا نظام قائم کیا جائے گا۔

مرکزی وزیر جے پی نڈا نے یو ٹی انتظامیہ کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وزارت لداخ میں صحت کی سہولیات کو مضبوط بنانے اور میڈیکل ایجوکیشن کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا اور موجودہ اسکیموں اور ترجیحات کے تحت ضروری مدد فراہم کی جائے گی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande