


بھوپال، 22 نومبر (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے ہفتہ کو تلنگانہ کی راجدھانی حیدرآباد کے دورے کے دوران سبز توانائی کے شعبے میں نمایاں کام کرنے والی گرینکو کمپنی کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کمپنی کی نہایت جدید ٹیکنالوجیوں، انرجی کنزرویشن سسٹمز اور قابلِ تجدید توانائی کی پیداوار سے متعلق مختلف منصوبوں کا باریکی سے جائزہ لیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ سبز توانائی آج ہندوستان کی ترقی کا سب سے مضبوط ستون بنتی جا رہی ہے۔ سبز توانائی کی پیداوار اور اس کی تحقیق و جستجو کی سمت میں گرینکو گروپ کا کردار قابلِ تقلید اور قابلِ تعریف ہے۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کمپنی کے افسروں کے ساتھ ہونے والی خیرسگالی ملاقات میں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک میں سبز اور قابل تجدید توانائی کے شعبے میں ہو رہی تاریخی پیش رفت کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان آج سبز توانائی پیداوار میں عالمی سطح پر اپنی ایک الگ شناخت بنا چکا ہے۔ مدھیہ پردیش اس معاملے میں سرکردہ ریاست بننے کی طرف گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں سبز توانائی پیداوار میں سرمایہ کاری کی لامحدود امکانات دستیاب ہیں۔ اس سمت میں ہماری حکومت بھی بہت بڑے قدم اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سبز توانائی کے شعبے کی ترقی اور توسیع کے لیے مدھیہ پردیش میں سرمایہ کاری کے لیے آنے والے ہر گروپ اور ہر کمپنی کا ہم دل سے خیر مقدم کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو کا حیدرآباد کا دورہ اسی سمت میں ایک بڑا قدم ہے۔ اس سے ریاست میں سبز توانائی پیداوار، صنعتی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں اب نئی تیزی آئے گی۔ مدھیہ پردیش اور گرینکو گروپ کے درمیان باہمی تعاون کی یہ ممکنہ پہل مدھیہ پردیش کو سبز توانائی پیداوار کے قومی مرکز کے طور پر قائم کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ وزیراعلیٰ کو کمپنی کے گروپ سی ای او اور منیجنگ ڈائریکٹر انیل چینملا شیٹّی نے کمپنی کے ذریعے پورے ملک میں چلائی جا رہی سبز توانائی کے منصوبوں اور مستقبل کی حکمت عملی کی تفصیل سے معلومات دیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کمپنی مدھیہ پردیش میں بھی اپنے کاروبار کی توسیع اور سرمایہ کاری بڑھانے کی سمت میں سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ گرینکو گروپ نے مدھیہ پردیش میں بڑے پیمانے پر گرین انرجی پروجیکٹ قائم کرنے کی صلاحیت ظاہر کی ہے۔ ان میں 100 جی ڈبلیو ایچ توانائی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت، گرین ہائیڈروجن کلسٹرز، بائیو ریفائنری پلانٹس، 2جی ایتھانول، میتھانول، اور پائیدار ہوابازی ایندھن (ایس اے ایف) کی پیداوار جیسے جدید منصوبے شامل ہیں۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو کے گرینکو کمپنی ہیڈکوارٹر کے دورے کے دوران ریاست کے صنعتی پالیسی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے محکمے کے پرنسپل سکریٹری راگھویندر کمار سنگھ، ایم پی آئی ڈی سی کے ایم ڈی اور وزیر اعلی کے ایڈیشنل سکریٹری چندرمولی شکلا کے ساتھ گرینکو کمپنی کے افسران بھی موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن