
عثمان آباد ، 22 نومبر (ہ س)۔ مہاراشٹر کے عثمان آباد ضلع میں شولاپور–حیدرآباد ہائی وے پر ہفتہ کی صبح دو گاڑیوں کے درمیان خوفناک تصادم میں پانچ افراد ہلاک اور آٹھ شدید زخمی ہو گئے۔ مرنے والوں میں تین خواتین شامل ہیں جبکہ تمام زخمیوں کو شولاپور کے سرکاری اسپتال میں داخل کیا گیا ہے جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔تحقیقات کر رہی پولیس ٹیم کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب شولاپور کے اولے گاؤں کے رہنے والے زائرین ایک کروزر جیپ کے ذریعے نلدرگ کی جانب روانہ تھے۔ عثمان آباد کے اندور علاقے میں گاڑی کے پہنچتے ہی اچانک ٹائر پھٹ گیا، ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور یہ کروزر سامنے سے آنے والے ٹریکٹر سے ٹکرا کر الٹ گئی۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی دیہاتی جائے وقوعہ پر دوڑے اور جیپ کو سیدھا کر کے زخمیوں کو باہر نکالا۔ پولیس کے مطابق پانچ افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ آٹھ لوگ شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زخمیوں کی شناخت کا عمل جاری ہے اور کچھ کی نازک حالت کے سبب اموات میں اضافہ ممکن ہے۔عثمان آباد پولیس نے حادثے کے سلسلے میں جامع تفتیش شروع کر دی ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے