
پونچھ ضلع کے لیے اضافی 5,693 بنکروں کی تعمیر منظوری لیے بھیجی گئی ہے۔ ایل جی
جموں، 22 نومبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بتایا کہ سرحدی ضلع پونچھ میں 5,693 اضافی بنکروں کی تعمیر کے لیے تجویز منظوری کے لیے پیش کر دی گئی ہے۔ منوج سنہا نے پونچھ اور راجوری میں بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ چند برسوں میں پونچھ میں 1,125 بنکر مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ 5,693 مزید بنکروں کی تعمیر کی تجویز منظوری کے لیے بھیج دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ راجوری میں گزشتہ پانچ برسوں کے دوران 2,923 بنکر تعمیر کیے گئے، جس سے سرحد کے نزدیک رہنے والی بڑی آبادی کو راحت ملی ہے۔ ایل جی نے مزید بتایا کہ راجوری میں دہشت گردی سے متاثرہ خاندانوں کے 19 اور پونچھ کے 9 لواحقین کو سرکاری نوکریاں فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے ضلعی اور پولیس انتظامیہ کو ہدایت دی کہ دہشت گردی سے متاثرہ ایسے دیگر خاندانوں کی نشاندہی کی جائے جو رہ گئے ہیں اور اُن کے نوکری سے متعلق کیسز سرکار کے جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کو بھیجے جائیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر