وزیر اعظم مودی آج سے 23 نومبر تک جنوبی افریقہ کے دورے پر
نئی دہلی، 21 نومبر (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی 21 سے 23 نومبر تک جنوبی افریقہ کے دورے پر رہیں گے۔ وہ جوہانسبرگ میں جی-20 کے 20ویں سربراہی اجلاس میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گے۔ یہ مسلسل چوتھی بار ہے کہ جی-20 سربراہی اجلاس گلوبل ساوتھ میں منعقد ہو
وزیر اعظم نریندر مودی( فائل فوٹو)


نئی دہلی، 21 نومبر (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی 21 سے 23 نومبر تک جنوبی افریقہ کے دورے پر رہیں گے۔ وہ جوہانسبرگ میں جی-20 کے 20ویں سربراہی اجلاس میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گے۔ یہ مسلسل چوتھی بار ہے کہ جی-20 سربراہی اجلاس گلوبل ساوتھ میں منعقد ہو رہا ہے۔ اس مرتبہ بھی وزیر اعظم مودی عالمی مسائل پر ہندوستان کا واضح اور مؤثر نقطۂ نظر دنیا کے سامنے پیش کریں گے۔

وزارتِ خارجہ کے مطابق، وزیر اعظم اجلاس کے تینوں اہم سیشنوں میں اپنے خیالات پیش کریں گے۔ پہلا سیشن ’جامع اور پائیدار اقتصادی ترقی-کسی کو پیچھے نہ چھوڑنا‘ پر مرکوز رہے گا۔ اس سیشن میں معیشت کی تعمیر، تجارت کا کردار، ترقی کے لیے مالی معاونت اور قرض کے بوجھ جیسے موضوعات پر گفتگو ہوگی۔ دوسرا سیشن ’ایک قابل اور لچکیلی دنیا-جی-20 کا تعاون‘ پر مبنی ہوگا۔ اس میں آفات کے خطرات میں کمی، آب و ہوا میں تبدیلی، منصفانہ توانائی منتقلی اور عالمی غذائی نظام کو مضبوط بنانے پر غور و خوض کیا جائے گا۔

سربراہی اجلاس کا تیسرا سیشن ’’سب کے لیے منصفانہ مستقبل‘ پر مرکوز ہوگا۔ اس میں اہم معدنیات کے انتظام، باوقار روزگار اور مصنوعی ذہانت کے ذمہ دارانہ استعمال جیسے موضوعات نمایاں رہیں گے۔ ان مسائل پر ہندوستان کا نقطۂ نظر وزیر اعظم کے خطابات کے ذریعے دنیا کے سامنے آئے گا۔

جوہانسبرگ میں منعقد اس سربراہی اجلاس کے علاوہ بھی وزیر اعظم متعدد دو طرفہ ملاقاتوں میں شریک ہوں گے۔ وہ مختلف ممالک کے رہنماوں سے مل کر باہمی مفاد کے امور پر گفتگو کریں گے۔ اس کے علاوہ، وزیر اعظم مودی ہندوستان، برازیل اور جنوبی افریقہ کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے مقصد سے منعقد ہندوستان- برازیل-جنوبی افریقہ (آئی بی ایس اے) رہنماوں کی میٹنگ میں بھی حصہ لیں گے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande