

مدھیہ پردیش صنعتوں کے لیے پسندیدہ ریاست، ایکسپو صنعتوں کو دنیا سے جوڑنے میں معاون : وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو
۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے تین روزہ فیڈ ایکسپو 2025 کا افتتاح کیا
۔ دو لاکھ کروڑ کی صنعتی اکائیوں کے بھومی پوجن کے لیے مرکزی وزیر داخلہ کو دعوت دی
بھوپال، 21 نومبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ مدھیہ پردیش صنعتوں کے لیے تیزی سے اُبھرنے والی پسندیدہ ریاست بنتی جا رہی ہے۔ فیڈ ایکسپو جیسے پروگرام مقامی صنعتوں اور اسٹارٹ اپس کو قومی اور بین الاقوامی پلیٹ فارم سے جوڑنے میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ایکسپو صنعت و تجارت، اختراع اور ایم ایس ایم ای سیکٹر کی ترقی کے لیے ایک بڑا پلیٹ فارم ثابت ہوتے ہیں۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو جمعہ کو راجدھانی بھوپال کے گووندپورہ میں منعقدہ فیڈ ایکسپو 2025 کے پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت صنعتوں کو فروغ دینے، ایم ایس ایم ای سیکٹر کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے اور نوجوانوں کو روزگار کے نئے مواقع دینے کے لیے پُرعزم ہے۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے گووندپورہ انڈسٹریل ایریا کے ایگزیبیشن ہال میں فیڈریشن آف مدھیہ پردیش چیمرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی جانب سے منعقد تین روزہ فیڈ ایکسپو 2025 کا شمع روشن کرکے باقاعدہ افتتاح کیا۔ یہ ایکسپو 23 نومبر تک جاری رہے گا۔ ایکسپو میں مدھیہ پردیش سمیت ملک و بیرونِ ملک سے آئے صنعت و برآمداتی شعبے سے جڑے صنعت کاروں، سرمایہ کاروں اور اداروں نے وسیع پیمانے پر شرکت کی۔ ایکسپو میں روس، عمان اور تائیوان سے بھی صنعت کار پہنچے ہیں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے ایپک پروجیکٹ کا اجرا بھی کیا۔ اس کے تحت خود امدادی گروپس، اسکول، کالجز، گرام پنچایتیں اور سرکاری دفاتر ایک ہی پلیٹ فارم سے جڑ جائیں گے۔ اس پروجیکٹ کے تحت صوبے میں 1000 انکیوبیشن سینٹر قائم کیے جائیں گے جہاں ہر شعبے کے اسٹارٹ اپس کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔ ایپک پروجیکٹ کے تحت 10 لاکھ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں ہندوستان دنیا میں اپنی منفرد شناخت قائم کر رہا ہے۔ صوبے میں صنعتی ترقی کو فروغ دینے کے لیے صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کو 5000 ایکڑ زمین فراہم کی گئی ہے، جو دراصل پانچ ہزار صنعت کاروں کو مدھیہ پردیش آنے کی دعوت ہے۔ ہم صنعت کاروں سے کیے گئے تمام وعدے پُرعزم انداز میں پورے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں کاروبار و تجارت کو فروغ دینا ان کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے احاطے میں قائم فیڈ ایکسپو 2025 کی نمائش کا گنیش پوجن اور فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے نمائش میں لگائے گئے مختلف اسٹالوں کا معائنہ کرتے ہوئے صنعت کاروں کی جدت طرازی، مشینری، تکنیکی حل اور مقامی صنعتوں کی مصنوعات کی تعریف کی۔
ایکسپو میں گووندپورہ انڈسٹریل ایریا کے صدر وجے گور، سکریٹری یوگیش گوئل، ستنا شہر کے میئر اور معروف صنعت کار یوگیش تامرکار، سیج گروپ کے سنجیو اگروال، سی پی مالپانی، آنند بانگر سمیت متعدد صنعت کار اور اسٹارٹ اپ کے اونر موجود تھے۔ پروگرام کے اختتام پر منتظمین نے وزیراعلیٰ اور ایکسپو میں شریک تین ممالک کے وفود اور تمام صنعت کاروں کا شکریہ ادا کیا۔ بتایا گیا کہ یہ فیڈ ایکسپو تین دن تک جاری رہے گا، جس میں مختلف تکنیکی سیشنز، بی ٹو بی میٹنگز اور مصنوعات کی نمائشیں بھی منعقد کی جائیں گی۔ ایکسپو میں مقامی صنعت کاروں اور وینچر کیپیٹلسٹس کی جانب سے غیر ملکی وفود کے ساتھ کاروبار کے فروغ اور سرمایہ کاری بڑھانے جیسے موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن