
نئی دہلی،21نومبر(ہ س)۔
تعلیم کے عالمی منظر نامے پر ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے جامعہ ملیہ اسلامیہ نے ٹائمس ہائر ایجوکیشن (ٹی ایچ ایم) انٹر ڈسپلنری سائنس رینکنگ دوہزار چھبیس میں دنیا بھر میں ایک سو تین مقام سے اسی ویں مقام تک آکر ایک شان دار جست لگائی ہے۔ واضح ہو کہ ٹی ایچ ای نے کل اس کا اعلان کیا تھا۔بلندی کی طرف توجہ انگیز اضافہ بین علومی تحقیق، تعلیمی اختراعیت، سائنسی پیش رفت اور بین الاقوامی اشتراکات کے تئیں جامعہ کے غیر متزلز ل عہد کو اجاگر کرتا ہے۔یہ شان دار کامیابی یونیورسٹی کے بڑھتے عالمی اثر اور جملہ اہم تعلیمی منطقوں میں متواتر معیاری بہتری پر اہم توجہ کا ثبوت ہے۔جامعہ کی اس کامیابی پر انتہائی مسرت اور فخر کا اظہار کرتے ہوئے عزت مآب شیخ الجامعہ پروفیسر مظہرآصف نے کہا کہ ”ٹی ایچ ای انٹر ڈسپلنری سائنس رینکنگ دوہزار چھبیس میں جامعہ کی اونچی رینکنگ یونیورسٹی کی موثر کارکردگی کو بتاتی ہے ساتھ ہی تدریس واختراعیت کی آمیزش کو آشکار کرنے والے جدید و بین علومی تحقیق کے تئیں اس کے عہد کو بھی بتاتی ہے جس نے اسے عالمی رہنما کے طور پر ابھارنے میں مدد بہم پہنچائی ہے۔ہمارے محققین،سائنس داں اور اعلی درجے کے فیکلٹی اراکین نے اپنے اپنے شعبوں میں مسلسل نئے خیالات و افکار کے اظہار اور اختراعیت کے فروغ سے عالمی سائنسی ترقی میں غیر معمولی تعاون دیاہے۔ عالمی سطح پر اس غیر معمولی کامیابی کے لیے میں پوری یونیورسٹی کو مبارک باد پیش کرتاہوں۔“
پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی، مسجل،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے جامعہ برادری کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا”یہ رینک ہمارے فیکلٹی اراکین،محققین،اسکالرس اور طلبہ کی محنت شاقہ کا ثمرہ ہے جنہوں نے اپنے تحقیق شعبوں میں افضلیت کے حصول کے لیے خود کو وقف کیا اور ادارہ جاتی ترقی میں اپنا بیش قیمت تعاون دیا۔ جامعہ کو بین علومی،کثیر علومی سائنس، تعلیمی اور تحقیقی افضلیت و اختراعیت کے ایک اہم مرکز کے طورپر ابھارنے میں انہوں نے ہماری بہت مدد کی۔“انہوں نے مزید کہا کہ’ہم سرحدوں کو آگے بڑھاتے رہیں گے اور پائے دار ترقی اہداف اور ملکی ترقی کے تئیں فکر مند اعلی معیاری تحقیق کی مدد سے قومی اور بین الاقوامی سطح پربامعنی اثر پیدا کریں گے۔“پروفیسر آصف اور پروفیسر رضوی نے انٹرنل کوالیٹی ایشورینس سیل (آئی قیو اے سی) اورادارہ جاتی افضلیت کے استحکام کے لیے پوری جامعہ برادری کی اجتماعی کوششوں اور ان کے تعاونات کا شکریہ ادا کیااور کہا کہ انہیں یقین ہے کہ جامعہ مستقبل میں بھی قومی اور بین الاقوامی سطحوں پر سرخ رو ہوتی رہے گی اور عالمی شناخت اورتعلیمی امتیاز کے سفر میں اپنا اعلی مقام برقرار رکھے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais