
گندگی پھیلانے والوں کے لیے جموں میونسپل کارپوریشن نے وال آف شیم کاروائی شروع کی
جموں، 21 نومبر (ہ س)۔ جموں میونسپل کارپوریشن (جے ایم سی) نے شہر میں گندگی پھیلانے والوں کے خلاف سخت مہم شروع کرتے ہوئے وال آف شیم کے نام سے نئی کارروائی کا آغاز کیا ہے، جس کا مقصد کھلے میں کچرا پھینکنے اور پیشاب کرنے جیسے غیر ذمہ دارانہ رویوں کو روکنا ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے مطابق متعدد علاقوں میں باقاعدہ صفائی، ویسٹ کلیکشن اور آگاہی مہمات کے باوجود کچھ افراد مسلسل صفائی قوانین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں شہر کو سنگین صفائی مسائل کا سامنا ہے۔
صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ڈاکٹر دیونش یادو، کمشنر جے ایم سی نے شہر کا وسیع دورہ کیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ صاف ستھرا اور صحت مند جموں کی مہم میں انتظامیہ کا ساتھ دیں۔ کمشنر نے صفائی عملے کو ہدایت دی ہے کہ وہ ایسے افراد کی ویڈیو اور تصاویر ریکارڈ کریں جوکھلے میں کچرا پھینک رہے ہوں کھلے میں پیشاب، آبی ذخائر کو گندگی سے آلودہ کر رہے ہوں۔ جے ایم سی کے مطابق جمع شدہ تصاویر اور ویڈیوز متعلقہ علاقوں میں وال آف شیم پر آویزاں کی جائیں گی تاکہ خلاف ورزی کرنے والوں کو عوامی سطح پر بے نقاب کیا جا سکے۔
ڈاکٹر یادو نے کہا کہ اب وارننگز کا سلسلہ ختم ہو چکا ہے اور صفائی قوانین کی خلاف ورزی پر سخت قانونی اور مالی کارروائی ہوگی۔ادھر جے ایم سی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ مقامات پر ہی کچرا ڈالیں، ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن سروس استعمال کریں، اپنے علاقوں میں آگاہی پھیلائیں اور خلاف ورزی کی اطلاع ہیلپ لائن پر دیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جموں کو صاف اور سرسبز بنانے کے لیے عوامی تعاون ناگزیر ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر