
دھنباد، 21 نومبر (ہ س)۔ کول فیلڈ کے بڑے کاروباری ایل بی سنگھ نے آج صبح جب انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی ٹیم ان کے گھر پہنچی تو فوراً اپنے پالتو کتّے کھول دیے۔ اس وجہ سے ٹیم کو گھر میں داخل ہونے میں سخت دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔ کتوں کو باندھنے کے بعد ہی ٹیم رہائش گاہ کے اندر داخل ہو سکی۔ ای ڈی کی ٹیم نے ایل بی سنگھ اور دیگر کاروباریوں کے 18 ٹھکانوں پر چھاپہ مارا ہے۔
ایل بی سنگھ بھارت کوکنگ کول لمیٹڈ (بی سی سی ایل) کے معروف ٹھیکے دار ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق بی سی سی ایل کے ٹینڈروں میں ہوئی گڑبڑی اور بے ضابطگی سامنے آنے پر یہ کارروائی کی گئی ہے۔ ای ڈی کے رڈار پر آئے ان کول کاروباریوں میں انل گوئل اور سنجے کھیمکا بھی شامل ہیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ ای ڈی کولکاتہ کی ٹیم مغربی بنگال میں کول کاروبار سے جڑے ٹھیکے داروں، ٹرانسپورٹروں اور بعض افسران کے ٹھکانوں پر بھی چھاپے مار رہی ہے۔ ایل بی سنگھ کے ٹھکانوں پر محکمۂ انکم ٹیکس کا چھاپہ پڑ چکا ہے۔ اس کارروائی میں سنگھ سے متعلق کھاتوں کی جانچ کے دوران ایک سو کروڑ روپے نقد ضبط کیے گئے تھے۔ ای ڈی نے سی بی آئی کی جانب سے بی سی سی ایل میں ایل بی سنگھ کو ٹینڈر دینے میں ہوئی گڑبڑی کو ای سی آئی آر کے طور پر درج کرنے کے بعد تحقیقات شروع کی تھیں۔
ادھر یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ ایل بی سنگھ کے دھنباد واقع گھر پر ای ڈی کی ٹیم کے پہنچتے ہی کتّے چھوڑ دیے گئے، جس کے باعث ٹیم گھر کے اندر داخل نہیں ہو سکی۔ تقریباً دو گھنٹے بعد ایل بی سنگھ نے کتوں کو باندھنے کے بعد گھر کا دروازہ کھولا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن