
علی گڑھ, 21 نومبر (ہ س)۔
ڈاکٹر ضیاء الدین احمد ڈینٹل کالج واسپتال علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ اورل اینڈ میکسیلوفیشیئل سرجری کے ڈاکٹروں نے پہلی بار 3ڈی پرنٹڈ ٹائٹینیم پروستھیسز اور امپلانٹس کا استعمال کرتے ہوئے چہرہ کی ڈیجیٹل پلان شدہ جمالیاتی سرجری کامیابی کے ساتھ انجام دی۔
یہ انقلابی عمل 17 سالہ مریضہ خوشی پر کیا گیا، جو بچپن میں بائیں جانب نچلے جبڑے کے ایک حصے کے تحلیل ہوجانے کے سبب چہرے کی بے ترتیبی کا شکار تھی۔ اس بگاڑ کی وجہ سے اسے کھانا چبانے اور بولنے میں دشواری ہوتی تھی۔ اس کے اوپری جبڑے میں واضح جھکاؤ پیدا ہوگیا تھا۔
یہ سرجری ڈاکٹر تابش الرحمٰن اور ڈاکٹر ایم کلیم انصاری کی سربراہی میں شعبہ اورل اینڈ میکسیلوفیشیئل سرجری کی ٹیم نے پروفیسر سندھیا مہیشوری (شعبہ ارتھوڈونٹکس اور ڈینٹوفیشیئل آرتھوپیڈکس) کے تعاون سے انجام دی۔ سرجری سے قبل ابتدائی ارتھوڈانٹک الائنمنٹ ڈاکٹر ایمان نے مکمل کی۔
آپریٹنگ ٹیم میں کنسلٹنٹ ڈاکٹر محمد کلیم انصاری، ڈاکٹر محمد دانش اور ڈاکٹر عافیہ عنبرین شامل تھے، جبکہ سینئر و جونیئر ریزیڈنٹس ڈاکٹر انوپریا، ڈاکٹر عفت خان، ڈاکٹر عثمان خان، ڈاکٹر روشنی اور ڈاکٹر پوجا نکم نے بھی عملی طور سے حصہ لیا۔ متاثرہ جبڑے کے ڈھانچے کو ڈیجیٹل پلاننگ کے ذریعے دوبارہ تشکیل دے کر حسبِ ضرورت 3ڈی پرنٹڈ ٹائٹینیم پروستھیسز اور پلیٹ کی مدد سے درست مقام پر بٹھایا گیا۔ اینستھیسیا ٹیم کی قیادت ڈاکٹر عنبر خان نے کی۔
شعبہ اورل اینڈ میکسیلوفیشیئل سرجری کے چیئرمین ڈاکٹر سجاد عبد الرحمٰن اور شعبہ ارتھوڈانٹکس و ڈینٹوفیشیئل آرتھوپیڈکس کے چیئرمین پروفیسر سنجیو کمار ورما نے ٹیم کو اس اہم کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ مریضہ خوشی نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سرجری نے اس کا کھویا ہوا اعتماد واپس لوٹا دیا ہے، جبکہ اس کے اہلِ خانہ نے بھی کامیاب علاج پر اطمینان ظاہر کیا۔ خوشی کو ارتھوڈانٹک ٹیم کی نگرانی میں دوسرے مرحلے کی تجویز کردہ ری الائنمنٹ کے عمل سے گزرنا ہوگا۔
اس سرجری کی کامیاب تکمیل نہ صرف اے ایم یو میں میکسیلوفیشیئل سرجری کی صلاحیتوں میں ایک اہم پیش رفت ہے بلکہ ضیاء الدین احمد ڈینٹل کالج و اسپتال میں جدید ٹکنالوجیز کے استعمال کی بھی عکاسی کرتی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ