
نئی دہلی، 21 نومبر (ہ س)۔ دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے دو دہائیوں پرانے دوہرے قتل کے معاملے کو حل کرتے ہوئے دو مفرور ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ وہی معاملہ ہے جس میں 2002 میں سریتا وہار کے علاقے میں ایک ماں اور اس کی دو سالہ بیٹی کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا تھا۔ ایک ملزم 23 سال سے پولیس کی حراست سے فرار تھا، جب کہ دوسرا پیرول پر رہا ہونے کے بعد 18 سال سے مفرور تھا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت بہار کے رہنے والے املیش کمار (45) اور سشیل کمار (43) کے طور پر کی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس (کرائم برانچ) پنکج کمار نے جمعہ کو بتایا کہ کرائم برانچ کی ٹیم نے املیش کمار کو گجرات کے جام نگر سے گرفتار کیا ہے۔ بہار کا رہنے والا ملزم 23 سال سے مفرور تھا اور عدالت نے اسے مفرور قرار دیا تھا۔
اس معاملے میں گرفتار سشیل کمار کو ٹرائل کورٹ نے موت کی سزا سنائی تھی جسے ہائی کورٹ نے عمر قید میں تبدیل کر دیا تھا۔ وہ پیرول پر رہا ہونے کے بعد 2007 سے مفرور تھا۔ وہ ایک فرضی شناخت کے تحت بہار-نیپال سرحد پر رہ رہا تھا۔ کرائم برانچ کی ٹیم نے اسے لال گڑھ گاؤں سے گرفتار کیا۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس کے مطابق 28 جنوری 2002 کو مدن پور کھادر کا رہنے والا انیل کمارکا گھر کا دروازہ کھلا پایا۔ اندر داخل ہونے پر اس نے کچن کو باہر سے بند پایا۔ دروازہ کھولنے پر اس نے اپنی بیوی انیتا (22) اور بیٹی میگھا (2) کو خون میں لتھڑا ہوا پایا۔ مقتولین پر تیز دھار ہتھیاروں کے متعدد زخم تھے۔ تحقیقات سے پتہ چلا کہ سشیل نے اپنے ساتھی املیش کے ساتھ مل کر کاروباری رنجش کی وجہ سے یہ جرم کیا تھا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی