
نئی دہلی، 21نومبر(ہ س)۔
دہلی میونسپل کارپوریشن کے 12 وارڈوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات سے قبل کانگریس کو آج زبردست جھٹکا لگا ہے۔ سابق وزیر اور مٹیا محل اسمبلی سے رکنِ اسمبلی رہ چکے عاصم احمد خان نے کانگریس چھوڑ کر عام آدمی پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے ۔ پارٹی ہیڈکوارٹر میں دہلی پردیش کنوینر سوربھ بھاردواج نے عاصم احمد خان کو پارٹی کا پٹکا اور ٹوپی پہنا کر آپ کے خاندان میں خوش آمدید کہا۔ عاصم احمد خان کی شمولیت سے نہ صرف مٹیا محل اسمبلی حلقے میں آپ مزید مضبوط ہوئی ہے، بلکہ چاندنی محل وارڈ ضمنی انتخاب میں آپ امیدوار کی جیت بھی اب یقینی مانی جا رہی ہے۔ اس موقع پر سابق وزیر و ایم ایل اے عمران حسین، ایم ایل اے سنجیو جھا سمیت دیگر سینئر لیڈر بھی موجود رہے۔ اس دوران سوربھ بھاردواج نے کہا کہ گزشتہ 30 برسوں سے چاندنی محل وارڈ میں ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے لوگ ایم سی ڈی میں قابض رہے ہیں، مگر اس کے باوجود وارڈ کی حالت انتہائی خراب ہے۔ جگہ جگہ کچرا اور ملبہ بکھرا پڑا ہے، دھول مٹی سے لوگ پریشان ہیں۔ آخر کب تک کسی ایک خاندان کے بھائی، بھتیجے، سالے، ماموں اور رشتہ دار حکومت چلائیں گے؟ اس خاندان پرستی اور تکبر کے خلاف اب سب ایک ہو رہے ہیں اور عوام نے طے کر لیا ہے کہ اس بار رشتہ دار نہیں، خدمتگار چاہیے۔ اسی بڑے مقصد کے تحت کانگریس چھوڑ کر سابق وزیر و مٹیا محل سے سابق ایم ایل اے عاصم احمد خان نے عام آدمی پارٹی جوائن کی ہے۔ سوربھ بھاردواج نے کہا کہ یہ بات قابلِ غور ہے کہ 2015 میں اروند کیجریوال کی حکومت میں عاصم احمد خان خوراک و رسد کے وزیر تھے۔ اس وقت کسی شکایت کی بنیاد پر اُس وقت کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے نہ صرف انہیں فوراً کابینہ سے برطرف کیا تھا بلکہ خود سی بی آئی انکوائری کی سفارش بھی کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ مرکز کے ماتحت کام کرنے والی سی بی آئی نے اس معاملے کی تفصیلی جانچ کی اور مقدمے کے دوران عاصم احمد خان پوری طرح باعزت بری ہو گئے ہیں ۔ اس کے بعد وہ کانگریس میں شامل ہو گئے تھے اور 2025 کے اسمبلی انتخابات میں مٹیا محل سیٹ سے الیکشن بھی لڑا تھا۔سوربھ بھاردواج نے مزید کہا کہ عاصم احمد خان کے مضبوط ٹریک ریکارڈ، سی بی آئی کی کلین چٹ اور عدالت سے معزز بریت کو دیکھتے ہوئے عام آدمی پارٹی نے ایک بار پھر انہیں اپنے خاندان کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais