
گنا میں خوفناک سڑک حادثہ، کار اور ٹرک کی ٹکر میں تین نوجوان ہلاک، چار زخمی
گنا، 20 نومبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے گنا ضلع میں بجرنگ گڑھ تھانہ علاقے کے تحت آرون روڈ پر گاوں بھلیرا کے پاس بدھ کی دیر رات ایک تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے کار میں سوار تین نوجوانوں کی موت ہو گئی۔ حادثے میں چار لوگ زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو اسپتال پہنچایا۔ دو زخمیوں کو حالت نازک ہونے پر بھوپال ریفر کیا گیا ہے، جبکہ دو زخمیوں کا ضلع اسپتال میں علاج جاری ہے۔ پولیس فی الحال معاملے کی جانچ میں مصروف ہے۔
معلومات کے مطابق حادثہ بدھ کی دیر رات تقریباً 2 بجے ہوا۔ پولیس کے مطابق کار گُنا کی طرف سے آ رہے تقریباً 12 پہیہ ٹرک سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ کار کے پرخچے اڑ گئے۔ ٹکر سے ٹرک بھی بے قابو ہوکر الٹ گیا۔ حادثے میں بھنڈ کے آکاش چورسیا، شیوپور کے نمونارائن مینا اور گُنا چانچوڑا کے منیش کمار جاٹو کی موت ہوگئی ہے۔ شدید طور پر زخمی یوگیش کروڑیا اور پارس کروڑیا کو بھوپال ریفر کیا گیا ہے، جبکہ سورج جاٹو اور اجے شاکیہ کا ضلع اسپتال میں علاج جاری ہے۔
حادثے کا شکار ہونے والی کار منیش کی تھی۔ منیش کے والد اسسٹنٹ ویٹرنری فیلڈ آفیسر، انیمل ہسبنڈری ڈپارٹمنٹ، چنچوڑا ہیں۔ منیش خود بی ایس سی ویٹرنری ڈِپلومہ ہولڈر تھا۔ تمام نوجوان ویٹرنری کے پریکٹسنگ ڈاکٹر تھے اور انہوں نے ساتھ میں پڑھائی کی تھی۔ بدھ کی رات یہ سب اپنے ایک ساتھی کی شادی کی تقریب میں شامل ہونے کے لیے گنا ضلع کے آرون پہنچے تھے اور وہاں سے واپس لوٹ رہے تھے۔ رات کا وقت ہونے کی وجہ سے سڑک پر آمد و رفت نہیں تھی۔ حادثے میں زخمی نوجوان کافی دیر تک سڑک پر پڑے کراہتے رہے۔ بعد میں ایک راہ گیر وہاں سے گزرا، جس نے موقع کی حالت دیکھ کر فوراً ڈائل 112 پر کال کی۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی ٹیم پہنچی۔ کار بری طرح دب جانے کی وجہ سے ٹیم کو کئی گھنٹے مشقت کرنی پڑی۔ تمام زخمیوں اور متوفیوں کو کار کے ملبے سے نکال کر ضلع اسپتال بھیجا گیا۔ ڈاکٹروں نے 3 نوجوانوں کو مردہ قرار دے دیا۔ 2 زخمیوں کی حالت نازک ہونے پر انہیں بھوپال ریفر کیا گیا۔ فی الحال پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور تفتیش شروع کر دی ہے۔
منیش کو ان کے آبائی گاوں اٹاوہ لے جایا جائے گا۔ دیگر متوفیان اور زخمیوں کے اہل خانہ بھی گنا آ رہے ہیں۔ منیش کے والد نے بتایا کہ رات میں انہوں نے منیش کو دوستوں کے ساتھ جانے سے بہت منع کیا تھا۔ 22 تاریخ کو منیش کی شادی کی پہلی سالگرہ بھی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن