
حیدرآباد ، 20 نومبر (ہ س)۔ تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی ہدایات پر تلنگانہ سرکارکے اعلیٰ سطحی وفد نےحکومتِ ہندکے نمائندوں سے اہم ملاقات کی، جس میں حالیہ سعودی عرب واقعے سے متعلق انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔تلنگانہ وفد میں وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین،ایم ایل اے ماجدحسین، سکریٹری بی. شفیع اللہ اور دیگر متعلقہ عہدیدار شامل تھے۔ اس وفد نے حکومتِ ہند کے نمائندوں سے ملاقات کی جس کی قیادت آندھراپردیش کے گورنر ایس. عبدالنذیر، وزارتِ خارجہ کے سکریٹری (CPV & OIA)ارون کمار چٹرجی،اور مملکتِ سعودی عرب میں ہندوستان کے سفیر ڈاکٹر سہیل اعجاز خان کر رہے تھے۔ملاقات کے دوران دونوں جانب کے عہدیداروں نے تمام موجودہ مراحل اور ضروری کارروائیوں کا جائزہ لیا اور اس بات پر تبادلۂ خیال کیا کہ تمام رسمی امور کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ،تدفین اورآخری رسومات جمعہ کے روز مدینہ منورہ کے جنت البقیع میں انجام دی جائیں گی۔تلنگانہ وفدنے سعودی حکومت اور متعلقہ ذمہ داران کاخصوصی شکریہ اداکیااور ان کے تعاون وحمایت کو سراہا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق