
اے ایم یو نارتھ زون انٹر یونیورسٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی کوتیار : پروفیسر امجد علی رضوی
علی گڑھ، 20 نومبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی 22 نومبر سے 4 دسمبر تک نارتھ زون انٹر یونیورسٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے گیمز کمیٹی کے سکریٹری پروفیسر سید امجد علی رضوی نے کہا کہ اے ایم یو ایک بار پھر ایک بڑے انٹر یونیورسٹی کھیل مقابلے کی میزبانی کر رہا ہے۔ انہوں نے ایسوسی ایشن آف انڈین یونیورسٹیز (اے آئی یو) کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ اس نے ایک بار پھر اے ایم یو پر اعتماد ظاہر کیا۔
انہوں نے کہا، ”2019 کے بعد،اے آئی یو نے ایک بار پھر اس باوقار ٹورنامنٹ کی میزبانی کی ذمہ داری اے ایم یو کو سونپی ہے۔ اس نئے اعتماد نے ہمارے حوصلے کو بہت بڑھایا ہے۔“ پروفیسر رضوی کے مطابق اس سال ملک کی 84 یونیورسٹیاں مقابلے میں شرکت کریں گی۔ علی گڑھ کے مختلف میدانوں پر میچ کھیلے جائیں گے جن میں اے ایم یو کرکٹ پویلین، اے ایم یو ایتھلیٹکس گراؤنڈ، اہلیابائی ہولکر اسٹیڈیم، ڈی پی ایس اسکول گراؤنڈ اور مارک کرکٹ اکیڈمی (شاہ پور روڈ) شامل ہیں۔ روزانہ 10 میچ کھیلے جائیں گے۔ کوارٹر فائنل سے پہلے کے تمام میچ 20 اوور کے ہوں گے، جبکہ کوارٹر فائنل کے بعد کے میچ 40 اوور کے کھیلے جائیں گے تاکہ کھلاڑیوں کو زیادہ مسابقتی پلیٹ فارم فراہم کیا جا سکے۔
پروفیسر رضوی نے بتایا کہ مکمل شفافیت اور غیر جانب داری کو یقینی بنانے کے لیے تمام امپائر اور تکنیکی آفیشیئلز اترپردیش کرکٹ ایسوسی ایشن (یوپی سی اے) کی جانب سے نامزد کیے جا رہے ہیں۔ شرکت کرنے والی ٹیموں کے قیام کا انتظام اے ایم یو کے جلیل ہاسٹل، معین ہاسٹل اور این آر سی ہال میں کیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کی سرگرمیوں کو منظم کرنے کے لیے ہائیکنگ و ماؤنٹینئرنگ کلب کے صدر پروفیسر محمد شمیم کو آرگنائزنگ سکریٹری کی اضافی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔کرکٹ کوچ ڈاکٹر فیصل شروانی نے بتایا کہ 4 دسمبر کو منعقد ہونے والی اختتامی تقریب میں بی سی سی آئی کے نائب صدر اور راجیہ سبھا رکن مسٹر راجیو شکلا کی شرکت متوقع ہے۔ اس کے علاوہ یوپی سی اے کے درجنوں اعلیٰ عہدیداران اور متعدد قومی سطح کے کرکٹرز کو بھی دعوت نامے بھیجے گئے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ