

نتیش کمار نے ریکارڈ 10ویں بار بہار کے وزیراعلیٰ کے طور پر حلف لیا، 26 وزراء کی ٹیم تیار۔ نتیش کمار نے 10ویں بار بہار کے وزیراعلیٰ کا حلف لیکر تاریخ رقم کی ہے، ان کے ساتھ 26 وزراء کی ٹیم بنائی گئی ہےپٹنہ، 20 نومبر(ہ س)۔ جے ڈی یو سپریمو نتیش کمار نے جمعرات کے روز پٹنہ کے گاندھی میدان میں ریکارڈ 10ویں بار بہار کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔ گورنر عارف محمد خان نے انہیں عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ نتیش کمار نے ہندوستان کے آئین پر حلف لیا۔ حلف برداری تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا اور این ڈی اے کے کئی دیگر سرکردہ رہنماؤں نے شرکت کی۔پارٹی کا او بی سی چہرہ سمجھے جانے والے بی جے پی کے سینئر لیڈر سمراٹ چودھری نے بہار کے وزیر کے طور پر حلف لیا۔ چودھری سابق وزیر شکونی چودھری کے بیٹے ہیں۔ سمراٹ چودھری ریاست میں قانون ساز کونسل کے رکن تھے اور گذشتہ این ڈی اے حکومت میں نائب وزیر اعلیٰ رہ چکے ہیں۔ انہوں نے اس بار تارا پور سے اسمبلی الیکشن جیتا ہے۔بی جے پی کے سینئر لیڈر وجے کمار سنہا نے بھی بہار کے وزیر کی حیثیت سے حلف لیا۔ سنہا ریاست میں گذشتہ این ڈی اے حکومت میں نائب وزیر اعلیٰ تھے۔ وہ 2005 سے لکھی سرائے اسمبلی سیٹ کی نمائندگی کر رہے ہیں اور حال ہی میں ختم ہونے والے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے امریش کمار کو شکست دے کر اس سیٹ کو برقرار رکھا ہے۔ جے ڈی یو کے وجے کمار چودھری، بیجندر پرساد یادو، شرون کمار اور اشوک چودھری نے بھی بہار کے وزراء کے طور پر حلف لیا۔ بی جے پی کے دلیپ جیسوال، منگل پانڈے، سنجے سنگھ ٹائیگر، راما نشاد، ارون شنکر پرساد، رام کرپال یادو اور نتن نبین اور سریندر پرساد مہتا نے بھی وزیر کے طور پر حلف لیا۔جے ڈی یو کے لیسی سنگھ، مدن سہنی، سنیل کمار، محمد زماں خان اور ہندوستانی عوام مورچہ (سیکولر) کے سنتوش سمن نے بھی وزیر کے طور پر حلف لیا۔ بدھ کے روز نتیش کمار نے سبکدوش ہونے والی این ڈی اے حکومت کے سربراہ کے طور پر اپنا استعفی گورنر عارف محمد خان کو سونپ دیا تھا۔ ان کے ساتھ مرکزی وزیر چراغ پاسوان، آر ایل ایم کے سربراہ اوپیندر کشواہا اور اتر پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ بھی تھے۔حلف برداری تقریب میں وزیراعظم نریندر مودی نے شرکت کی۔ حلف برداری کی تقریب کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے گاندھی میدان میں ہجوم کا استقبال کیا اور اپنا گمچھا لہرا کر بہار کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔ این ڈی اے نے بہار میں اسمبلی انتخابات میں 243 میں سے 202 سیٹیں جیت کر اقتدار میں واپسی کی ہے۔ پی ایم مودی کے چہرے پر خوشی صاف دکھائی دے رہی تھی۔نتیش کمار کے بہار کے وزیر اعلی کے طور پر حلف لینے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے گرمجوشی سے نتیش کمار کا استقبال کیا۔ حلف برداری تقریب کے بعد وزیراعظم مودی نے ایکس پر پوسٹ کیا، بہار حکومت میں وزیر کے طور پر حلف لینے والے تمام ساتھیوں کو میری دلی مبارکباد۔ یہ سرشار لیڈروں کی ایک شاندار ٹیم ہے، جو بہار کو نئی بلندیوں پر لے جائے گی۔ ان سب کے لیے میری نیک تمنائیں!گاندھی میدان میں ایک بہت بڑا اسٹیج قائم کیا گیا تھا، جہاں حاضرین میں این ڈی اے کی حکومت والی کئی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ شامل تھے، جن میں این چندرابابو نائیڈو (آندھرا پردیش)، یوگی آدتیہ ناتھ (اتر پردیش)، دیویندر فڑنویس (مہاراشٹر)، ہمنتا بسوا سرما (آسام) اور ریکھا گپتا (دہلی) شامل تھے۔ سابقہ این ڈی اے حکومت میں بی جے پی کے پاس 15 وزیر تھے، جے ڈی یو کے 12، بشمول سی ایم نتیش کمار، ہندوستانی عوام مورچہ (سیکولر) کے پاس ایک اور ایک وزیر آزاد امیدوار تھے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan