
شوپیاں، 20 نومبر( ہ س)۔جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع کے ارہامہ علاقے میں ایس بی جی ایم کالج کے قریب ٹپر ٹرک کی زد میں آکر ایک نوجوان لڑکی کی موت ہوگئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مقتول کی شناخت روزی جان کے طور پر کی گئی ہے جو شوپیاں کے چترگام کلاں کی رہنے والی ہے۔ عینی شاہدین اور پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار ٹپر زیر رجسٹریشن نمبر JK13E-3014 لڑکی پر چڑھ گیا۔ تاہم فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ وہ سڑک کے کنارے چل رہی تھی یا سڑک عبور کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔ مقامی افراد نے موقع پر پہنچ کر متاثرہ کو وہاں سے نکالا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکی تھی۔ بعد ازاں لاش کو طبی اور قانونی کارروائی کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ٹپر کو قبضے میں لے لیا ہے۔ دریں اثنا، ایک کیس درج کر لیا گیا ہے اور مہلک حادثے کے صحیح حالات کا پتہ لگانے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Aftab Ahmad Mir