
۔ امریکی بحریہ کے سینئر حکام کے ساتھ سمندری تعاون کو مضبوط بنانے کے معاملے پر بات چیت کی
نئی دہلی، 20 نومبر (ہ س)۔امریکہ کے سرکاری دورے پر گئے ہندوستانی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل دنیش کے ترپاٹھی نے بحری تعاون کو مضبوط کرنے کے مدعے پر امریکی بحریہ کے سینئر حکام کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ہے۔ ان مذاکرات سے ابھرتے ہوئے سمندری چیلنجوں کے پیش نظر خفیہ معلومات اور مشترکہ اختراعات، ٹیکنالوجی کی منتقلی، تربیت اور بین -عملیت کے لئے راہیں ہموار ہوئیں۔
امریکہ کے12-17 نومبر تک اپنے دورے کے دوران، ایڈمرل دنیش کے ترپاٹھی نے فورٹ لیسلی جے میک نیر میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا دورہ کیا اوراین ڈی یو کے صدر وائس ایڈمرل پیٹر اے گارون سے بات چیت کی۔ بات چیت میں پیشہ ورانہ فوجی تعلیم، اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ساتھ دونوں دفاعی افواج کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے، بین الاقوامی فیلوز اور فوجی پروفیسروں کے تربیتی تبادلے اور ہندوستان-امریکہ دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے مشترکہ سمندری مفاد کے امور پر توجہ مرکوز کی گئی۔ دورے کے دوران، بحریہ کے سربراہ نے آئزن ہاور اسکول، نیشنل وار کالج، اور کالج آف انفارمیشن اینڈ سائبر اسپیس میں تعلیم کے لیے تعینات ہندوستانی افسران سے بھی بات چیت کی۔
دورے کے دوران ایڈمرل دنیش کے ترپاٹھی نے بحریہ کے سکریٹری جان سی فیلن اور وارفیئر کے انڈر سکریٹری ایلبرج کولبی سے ملاقات کی۔ ایڈمرل ترپاٹھی نے وائس ایڈمرل ایویٹ ڈیوڈز، ڈپٹی چیف آف نیول آپریشنز، پلانز اینڈ اسٹریٹجی، نیول انٹیلی جنس کے ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیو پیروڈ اور نیول انٹرنیشنل پروگرامز آفس کے ڈائریکٹر ریئر ایڈمرل ریمنڈ پی اوونس کے ساتھ بھی بات چیت کی۔ بات چیت میں بحری تعاون کو مضبوط بنانے، دفاعی صنعت میں تعاون کو بڑھانے، ابھرتے ہوئے چیلنجوں کی تفہیم، معلومات کے تبادلے، سمندری ڈومین کے بارے میں آگاہی، انٹیلی جنس اور ہندوستانی بحریہ اور امریکی بحریہ کے درمیان مشترکہ اختراع، ٹیکنالوجی کی منتقلی، تربیت اور انٹرآپریبلٹی کے مواقع کو وسعت دینے کے مواقع پر توجہ مرکوز کی گئی۔
اس کے علاوہ بات چیت میں علاقائی سلامتی کی حرکیات، ابھرتے ہوئے ہند-بحرالکاہل کے علاقائی ڈھانچے، سمندری شراکت داری، باہمی مفاہمت کو مضبوط بنانے اور ایک محفوظ، مستحکم اور قواعد پر مبنی ہند-بحرالکاہل کو برقرار رکھنے پر بھی توجہ مرکوز کی گئی۔ ایڈمرل دنیش کے ترپاٹھی نے آفات کے انتظام اور انسانی امداد کے مرکز کا دورہ کیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف کو مرکز کے وژن،لائنس آف ایفرٹس، استعداد کار میں اضافے اور علاقائی تعاون میں اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے امریکی بحریہ کے جدید ترین آرلی برک کلاس گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر انیلینوئے کا بھی دورہ کیا۔ انہیں ڈسٹرائر کی تازہ ترین تبدیلیوں، کثیر مشن کی استعداد اور جدید سمندری نگرانی کے نظام کے بارے میں بتایا گیا۔
بحریہ کے سربراہ ایڈمرل دنیش کے ترپاٹھی نے جوائنٹ بیس پرل ہاربر-ہکم کا بھی دورہ کیا۔ انہیں آپریشنل صلاحیتوں، یو ایس -پیسفک فلیٹ کے جاری اقدامات اور مشترکہ سہولت پر قائم یونٹس کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اس دورے میں ہندوستان اور امریکی بحری افواج کے درمیان باہمی تعاون کو مضبوط بنانے اور آپریشنل ہم آہنگی کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ ایڈمرل ترپاٹھی نے ایڈمرل اسٹیفن ٹی کوہلر، کمانڈر، یو ایس پیسفک فلیٹ اور لیفٹیننٹ جنرل جیمز ایف گلین، کمانڈر، یو ایس میرین فورسز پیسیفک کے ساتھ کئی اعلیٰ سطحی میٹنگیں کیں۔ بات چیت میں بحری سلامتی اور سمندری تعاون کو مضبوط بنانے، باہمی تعاون کو بڑھانے اور ہند بحرالکاہل میں آپریشنل مشغولیت پر توجہ مرکوز کی گئی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد