
حیدرآباد ، 20 نومبر (ہ س)۔ سول سپلائی ڈپارٹمنٹ سرکل–2 یاقوت پورہ کے اے سی ایس او موکا سریندر نے راشن کارڈ ہولڈرز سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر ای۔کے وائی سی مکمل کروائیں۔ انہوں نے واضح کیاکہ جن شہریوں کے پاس راشن کارڈ موجود ہے مگر انہوں نے اب تک ای۔کے وائی سی نہیں کروایا، وہ جلدازجلد قریب ترین راشن شاپ پرجاکریہ عمل مکمل کریں۔پرانی حویلی میں واقع سرکل آفس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے موکا سریندر نے بتایاکہ ان کے سرکل میں 1,23,505 راشن کارڈ رجسٹرڈ ہیں، جن سے 4,87,589 افراد مستفید ہو رہے ہیں۔ اب تک2,78,861 افراد نے ای۔کے وائی سی مکمل کرلیا ہے، جبکہ 2,08,728 افراد کی تفصیلات اب بھی زیر التوا ہیں۔انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ باقاعدہ راشن اور چاول کے حصول میں کسی قسم کی رکاوٹ سے بچنے کے لیے گھر کے ہر اس فرد کی ای–کے وائی سی لازمی ہے جس کا نام راشن کارڈ پر درج ہے۔ اس سلسلے میں شہریوں کو سرکاری قواعد کے مطابق جلد از جلد قریبی راشن ڈپو سے رجوع کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ای۔کے وائی سی مکمل نہ کرنے والے خاندان آئندہ دنوں میں سرکاری سہولیات سے محروم بھی ہو سکتے ہیں، لہٰذا تمام مستحقین سے اپیل ہے کہ وہ اس عمل میں تاخیر نہ کریں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق