
اے ایم یو کے شعبہ ارضیات میں ورلڈ جی آئی ایس ڈے پر سیمینار کا اہتمام
علی گڑھ، 20 نومبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ ارضیات نے ورلڈ جی آئی ایس ڈے کے موقع پر ”پائیدار مستقبل کے لئے جیو-اے آئی اور اسمارٹ میپنگ“ کے موضوع پر ایک قومی سیمینار منعقد کیا۔ اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے اس پروگرام کے انعقاد پر شعبہ کی ستائش کی اور قومی اداروں اور جامعات کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے میں ایسے علمی پروگراموں کی اہمیت پر زور دیا۔ شعبہ ارضیات کے چیئرمین پروفیسر راشد عمر نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ مہمان خصوصی کے طور پر ڈاکٹر سمیر سرن، سائنٹسٹ جی اور ڈپٹی جنرل منیجر، نیشنل ریموٹ سینسنگ سینٹر، نئی دہلی اور مہمانان اعزازی کے طور پر ڈاکٹر امریتا بجاج (ایس بی ایس کالج، نئی دہلی) اور جناب صفات علی، ڈائریکٹر، اورین ہائیڈروکاربن شریک ہوئے۔
کنوینر ڈاکٹر ضیاء الرحمٰن انصاری نے سیمینار کے مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ مختلف شعبہ جات میں مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ کے انضمام کی رفتار تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ پروگرام کی نظامت آرگنائزنگ سکریٹری ڈاکٹر اضرار احمد نے کی۔ سیمینار کی دو علمی نشستوں میں چھ ماہرین نے خطبات پیش کئے، جن میں ڈاکٹر سمیر سرن، پروفیسر پی کے جوشی (جواہر لعل نہرو یونیورسٹی)، پروفیسر بی ایس چودھری (کروکشیتر یونیورسٹی)، پروفیسر راشد علی (کوآرڈی نیٹر، سینٹر فار اے آئی، شعبہ کمپیوٹر انجینئرنگ، اے ایم یو)، ڈاکٹر امریتا بجاج اور ڈاکٹر صالحہ جمال (شعبہ جغرافیہ، اے ایم یو) شامل تھے۔ مقررین نے جیو اسپیشیئل سائنس میں اے آئی، ایم ایل اور ڈیپ لرننگ کے جدید ترین تحقیقی اطلاقات پر روشنی ڈالی۔
پروگرام میں ارضیات، جغرافیہ، سول انجینئرنگ، ریموٹ سینسنگ، کمپیوٹر انجینئرنگ، الیکٹرانکس انجینئرنگ، معاشیات، پلانٹ پروٹیکشن اور نباتیات سمیت مختلف شعبہ جات کے پچاس ماہرین شریک ہوئے۔ اختتامی اجلاس میں ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر پروفیسر رفیع الدین نے پروفیسر راشد عمر کی عزت افزائی کی۔ پروفیسر رفیع الدین نے شرکاء میں اسناد تقسیم کیں، جبکہ ڈاکٹر اضرار احمد نے اظہارِ تشکر کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ