دواخانہ طبیہ کالج کے 75 سالہ خدمات بے مثال ہیں: پروفیسر ریاض احمد
علی گڑھ, 20 نومبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے تاریخی یونانی دواساز ادارے دواخانہ طبیہ کالج نے اپنے قیام کے 75 سال پورے کرلئے ہیں اور یہ وقفہ تاریخ میں ایک خاص اہمیت کا حامل ہے ۔ ان خیالا ت کا اظہار دواخانہ طبیہ کالج کے ممبر انچارج پروفیسر
داواخانہ طبیہ کالج پریس کانفرنس


علی گڑھ, 20 نومبر (ہ س)۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے تاریخی یونانی دواساز ادارے دواخانہ طبیہ کالج نے اپنے قیام کے 75 سال پورے کرلئے ہیں اور یہ وقفہ تاریخ میں ایک خاص اہمیت کا حامل ہے ۔

ان خیالا ت کا اظہار دواخانہ طبیہ کالج کے ممبر انچارج پروفیسر ریاض احمد نے کیا وہ آج پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔انھوں نے بتایا کہ 1950 میں قائم ہونے والے اس ادارے کی 75سالہ تقریب جے این میڈیکل کالج کے کانفرنس ہال میں ڈیلرز میٹ کے ساتھ منائی گئی، جس میں سات دہائیوں پر محیط خدمات، جدت اور روایتی صحت کے شعبے میں دواخانہ طبیہ کالج کے نمایاں کردار کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔اس موقع پر پروفیسر ریاض احمد (ممبر انچارج)، مسٹر شارق اعظم (قائم مقام جنرل مینیجر) اور ڈاکٹر عبداللہ (پروڈکشن مینیجر) نے بتایا کہ دواخانہ طبیہ کالج 1950 میں ایک ڈسپنسری کے طور پر قائم ہوا تھا، جس کا مقصد کلاسیکی یونانی طریقہ علاج کو محفوظ رکھنا تھا۔ وقت کے ساتھ یہ ادارہ ترقی کرکے قومی سطح پر یونانی ادویات سازی کا ایک معتبر نام بن گیا ہے، جو سائنسی معیار، معیاری فارمولے اور صحت عامہ کے تئیں غیر متزلزل وابستگی کے لیے معروف ہے۔

اس سنگِ میل تقریب میں جن ممتاز شخصیات نے شرکت کی ان میں اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون (سرپرست)، پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان (شریک سرپرست)، سابق وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز (مہمانِ خصوصی) اور رجسٹرار و اکیوپائر پروفیسر عاصم ظفر شامل ہیں۔ مہمانانِ ذی وقار میں ڈی بی ٹی، حکومتِ ہند کے مشیر و سائنس داں -جی (سبکدوش) پروفیسر گلشن وادھوا، اور پروفیسر سید شاہ عالم، ڈائریکٹر، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف یونانی میڈیسن، بنگلورو شامل تھے۔ ان کے ساتھ پروفیسر ایس ایم صفدر اشرف، ڈین، فیکلٹی آف یونانی میڈیسن، پروفیسر بدرالدجیٰ خان، پرنسپل، اجمل خان طبیہ کالج اور متعدد اساتذہ، دواخانہ کے عہدیداران، ملازمین اور ملک بھر سے آئے ہوئے ڈیلرز موجود تھے۔تقریب میں دواخانہ طبیہ کالج کی نمایاں فارمولیشنز،اعلیٰ معیار پر مبنی کوالٹی کنٹرول سسٹمز، اور مستقبل کی توسیعی حکمت عملی پر روشنی ڈالی گئی۔ ڈیلرز کو ان کی طویل وابستگی کے اعتراف میں اعزازات پیش کیے گئے۔ اس کے علاوہ تقسیم کاری کے نظام کو مزید مضبوط کرنے، قومی سطح پر رسائی بڑھانے اور جدید طبی مصنوعات کی تیاری پر غور و خوض کیا گیا۔اپنی 75 سالہ خدمات کے موقع پر دواخانہ طبیہ کالج نے جدید ادارہ جاتی لوگو اور جدید ویب سائٹ کے آغاز اور ہر عمر کے افراد کے لیے موزوں ایک توانائی بخش مشروب بازار میں جلد پیش کرنے کا اعلان کیا۔پریس کانفرنس کے موقع پر افسر رابطہ عامہ عمر پیرزادہ اور نائب افسر رابطہ عامہ ذیشان احمد بھی موجودتھے

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande