
جموں, 19 نومبر (ہ س)۔ دہلی دھماکے کے بعد سخت سیکورٹی انتظامات کے تحت شری ماتا ویشنودیوی شرائن بورڈ نے متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت دی ہے کہ یاترا ٹریک، گپھا کے اطراف اور کٹرا قصبے میں اضافی نفری تعینات کر کے فول پروف سیکورٹی یقینی بنائی جائے۔
ذرائع کے مطابق کٹرا جو یاتریوں کا بیس کیمپ ہے، پولیس نے سیکورٹی مزید سخت کر دی ہے، چیک پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں اور مسافروں کی تلاشی و دستاویزی جانچ میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ تریکوٹہ پہاڑیوں میں ایریا ڈومینیشن تیز کر دی گئی ہے۔
شرائن بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سچن کمار ویشیا نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران سیکورٹی ایجنسیوں پر زور دیا کہ مندر کے اندرونی و بیرونی علاقوں میں اضافی فورس کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ تمام ملازمین، خصوصاً ٹریک اور کٹرا میں دکانوں میں کام کرنے والے افراد کی تیز رفتار تصدیقی جانچ مکمل کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ تمام سیکورٹی آلات کی فعالیت، کارکردگی اور آپریشنل تیاری کا جامع جائزہ لیا جائے تاکہ وہ ہنگامی صورتحال میں مؤثر ثابت ہو سکیں۔ سی ای او نے ضروری اور فوری نوعیت کے سکیورٹی آلات کی جلد از جلد خریداری کی بھی ہدایت دی۔
انہوں نے مربوط کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اہم کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس نظام کو مکمل صلاحیت کے ساتھ استعمال کیا جائے، کیونکہ یہ حقیقی وقت میں نگرانی، رابطے اور فیصلہ سازی کا مرکزی محور ہے جو معمول اور ہنگامی دونوں حالات میں تمام ایجنسیوں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی کو یقینی بناتا ہے۔
سی ای او نے شرائن بورڈ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیموں اور دیگر اسٹیک ہولڈر ایجنسیوں کے درمیان بروقت اور مربوط ردعمل کے لیے باقاعدہ ماک ڈرلز کرنے کی ہدایت کی۔ این ڈی آر ایف کو بھی ایسے مشقوں کا انعقاد بار بار کرنے کے لیے کہا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تیاری مکمل رہے۔
انہوں نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے متعلق تمام ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹریک اور بھون میں قائم ڈیزاسٹر مینجمنٹ اسٹورز کا مکمل انوینٹری آڈٹ کیا جائے، اور جہاں ضرورت ہو وہاں اسے فوری طور پر اپ ڈیٹ اور ریپلینش کیا جائے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر